چیمپئنز ٹرافی: پی سی بی کے جوابی فارمولے نے بھارتی بورڈ کو پریشان کر دیا
ممبئی(آئی پی ایس ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے کی گتھی تاحال سلجھ نہ سکی اور ڈیڈ لاک برقرار ہے جبکہ پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو اپنا مقف کھل کربتا دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے دیرپا حل کیلئے پارٹنرشپ فارمولا پیش کرچکا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ نہیں کھیلیں گے ۔
یہ فارمولا چیمپئنز ٹرافی سے لاگو ہوگا اور 3 برس تک رہے گا جس کے تحت بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے 3 سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی سیاس فارمولے پر تاحال کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ ذرائع کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ اپنی حکومت سے مشاورت کے بعد ہی پی سی بی کے فارمولے پر جواب دے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے بھارتی ہٹ دھرمی پر جوابی فارمولے نے بی سی سی آئی کو پریشان کردیا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نہ اگل سکے نہ نگل سکے کی پوزیشن میں آگیا ہے۔ لیکن دوسری جانب بھارتی میڈیا میں پاکستانی فارمولے کو رد کرنے کی خبریں گردش کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اس بار پاکستان کے پاس ہے لیکن بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے بھی کسی ہابرڈماڈل ماننے سے انکار کیا تھا۔