چیمپئینز ٹرافی سمیت 2027 تک ایونٹس ہائبرڈ ماڈل پر ہوں گے: آئی سی سی
چیمپئینز ٹرافی سمیت 2027 تک ایونٹس ہائبرڈ ماڈل پر ہوں گے: آئی سی سی
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاک بھارت فیوژن فارمولے کی منظوری دے دی ہے جو چیمپئنز ٹرافی ، ویمنز ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر نافذ ہوگا۔
آئی سی سی ترجمان کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی 2025ء سے لے کر 2027ء تک ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، گرین شرٹس بھی بھارت کا سفر کرنے سے گریز کرے گی، آئی سی سی کی جانب سے مشروط معاہدے پر دونوں بورڈز نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔
معاہدے کے تحت 8 ٹیموں کے چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچز ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلے جائیں گے جبکہ بدلے میں آئی سی سی کے وہ ایونٹس جن کی میزبانی بھارت کرے گا، ان میں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستاں 4 سال بعد ایک اور آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جس میں پاکستان کو 2028 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی دی گئی ہے۔
2028 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اگلے سائیکل کا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستاں بھارت کا فیوژن فارمولا اپلائی ہوگا جبکہ پاک بھارت فیوژن فارمولا ناک آؤٹ میچز پر بھی اپلائی ہوگا۔
اس کے علاوہ 2027 تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹ کا میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گی اور نیوٹرل وینیو کا انتخاب میزبان بورڈ کرے گا۔
واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ 2025 اور مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی بھارت کے پاس ہے۔