آئی سی سی کی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹس کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہوگیا۔
آئی سی سی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کےلئے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل بھی جلد شروع ہوگا، چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے میں دلچسپی رکھنے والے شائقین آج سے ٹکٹ کے لیے خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے ٹکٹس کے لیے شائقین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، پہلے رجسٹرڈ کروانے والے شائقین کو ٹکٹوں کے لیے ترجیح دی جائے گی۔
واضح ہے کہ آج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا تھا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا جبکہ اختتام 9 مارچ کو ہوگا۔
آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
اس کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ 27فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، اس کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ 20 فروری کو یو اے ای میں شیڈول ہے۔