صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی 80 لاکھ روپے کی ہاکی ٹرف صفائی مشین دھول اور گندگی کی نذر
پشاور: خیبرپختونخوا سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی جانب سے 80 لاکھ روپے کی لاگت سے خریدی گئی ہاکی ٹرف صفائی مشین انتظامیہ کی غفلت کے باعث دھول اور گندگی میں ڈھک گئی ہے۔
اس مشین کی صفائی یا حفاظت کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا، اور نہ ہی اسے گرد و غبار سے بچانے کے لیے کور فراہم کیا گیا ہے۔یہ مشین 2020 میں سابق ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک کی تعیناتی کے دوران خریدی گئی تھی۔
اس کا بنیادی مقصد ہاکی ٹرف کو صاف کرنا تھا اور اسے ہاکی لیگ کے دوران لالہ ایوب ہاکی اسٹیڈیم میں استعمال کیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ مشین پاکستان ایئر فورس کو دی گئی، جنہوں نے اپنے ہاکی ٹرف اس مشین سے صاف کیے۔
اس کے بعد، یہ مہنگی مشین عام گاڑیوں کے ساتھ بے یار و مددگار کھڑی رہ گئی اور اسے کسی بھی قسم کی حفاظتی تدابیر فراہم نہیں کی گئیں۔
کھیلوں سے منسلک حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مشین خراب ہو سکتی ہے۔کھیلوں سے وابستہ افراد نے صوبائی وزیر کھیل اور ڈی جی سپورٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مشین کی صفائی اور حفاظت کو یقینی بنائیں اور عوام کے ٹیکس سے خریدی گئی اس قیمتی مشین کو ضائع ہونے سے بچائیں۔