کونسے کھلاڑی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کھیلنے سے محروم رہ سکتے ہیں
پاکستان رواں برس آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہا ہے، اور ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو ہوگا، تاہم اس ایونٹ کے آغاز سے قبل کئی ممتاز کھلاڑی انجریز کا شکار ہیں اور ان کے ایونٹ میں شریک ہونے کے حوالے سے خدشات ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کا ایونٹ 8 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کا شیڈول جاری ہوچکا ہے، اور اس دوران بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں ہوں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے ایونٹ سے قبل ٹیموں کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں، تاہم بڑے کھلاڑیوں کی انجریز مختلف ٹیموں کے لیے اہم مسئلہ بھی ہے۔
پیٹ کمنز ; آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی و ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کو ٹخنے کی انجری ہے، جس کے باعث ان کا علاج چل رہا ہے، ان کے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ کا حصہ ہونے یا نہ ہونے کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا۔
آسٹریلیا کے چیف سیلکٹر کے مطابق اگلے ہفتے یا اس کے بعد پیٹ کمنز کی انجری کا اسکین ہوگا جس کے بعد معلوم ہوگا کہ وہ ایونٹ کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اسٹیون اسمتھ پیٹ کمنز کی جگہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
جوش ہیزل ووڈ ; آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے ایک اور کھلاڑی جوش ہیزل ووڈ جو فاسٹ بولر ہیں، وہ بھارت کے ساتھ سیریز کے دوران پنڈلی کی انجری کا شکار ہوئے ہیں۔ جس کے بعد انہیں سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے آرام دیا گیا ہے، ان کی بھی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہے۔
صائم ایوب ; پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے۔ جس کے بعد لندن میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ ابھی تک یہ کنفرم نہیں کہ صائم ایوب چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔
جسپریت بمراہ ; بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو کمر کی انجری ہے اور وہ روبہ صحت ہیں، تاہم چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ان کی دستیابی بھی ابھی تک کنفرم نہیں ہے۔
بھارتی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی کلائی اسپنر کلدیپ یادیو بھی کمر کی انجری کا شکار ہیں، تاہم وہ فٹنس حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔
سومیا سرکار ; بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سومیا سرکار کو انگلی کی انجری ہے اور وہ صحت یاب ہورہے ہیں، بنگلادیشی ٹیم پُرامید ہے کہ سومیا سرکار چیمپیئنز ٹرافی کے لیے دستیاب ہوں گے۔
جیرالڈ کوٹزی اور لونگی نگیڈی ; جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی جیرالڈ کوٹزی اور لونگی نگیڈی کو بھی کمر کی انجری ہے، تاہم ان کے حوالے سے رپورٹس ہیں کہ وہ بہت جلد فٹ ہوکر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں مد مقابل ہوں گی۔
ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائےگا، تاہم اگر بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرگیا تو فائنل میچ دبئی میں ہوگا۔