پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : عمیر بن یوسف کی سنچری ثمین گل اور ابتسام رحمن کی پانچ پانچ وکٹیں
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : عمیر بن یوسف کی سنچری
ثمین گل اور ابتسام رحمن کی پانچ پانچ وکٹیں
کراچی 26 جنوری ۔
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے پہلے دن کھیل کی خاص بات عمیر بن یوسف کی سنچری ، ثمین گل اور ابتسام رحمن کی پانچ پانچ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں اوجی ڈی سی ایل کی ٹیم غنی گلاس کےخلاف پہلی اننگز میں 80 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔رضوان علی 34 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ثمین گل نے صرف 14 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں غنی گلاس کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں 145 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سعد نسیم 38 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ عامر خان نے 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔مشتاق کلہوڑو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے کے آر ایل کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 302 رنز بنائے تھے۔
عمیر بن یوسف نے 11 چوکوں کی مدد سے 106 رنز اسکور کیے۔
یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 11 ویں سنچری ہے۔انہوں نے سیف اللہ بنگش کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں164 رنز کا اضافہ کیا۔ بنگش 12 چوکوں کی مدد سے88 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ارشداللہ نے 50 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
کے سی سی اے اسٹیڈیم میں واپڈا کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف پہلی اننگز میں 250 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خالد عثمان 69 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عمار نے 59 رنز اسکور کیے۔
محمد اسمعیل اور زاہد محمود نے بالترتیب 43 اور95 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 23 رنز بنائے تھے۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم پی ٹی وی کے خلاف پہلی اننگز میں 164 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عبدالواحد نے 46 رنز اسکور کیے۔
ابتسام رحمن نے 54 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ پی ٹی وی نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر 144 رنز بنائے تھے۔ شامل حسین 63 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔