شاہد خان آفریدی پاک فوج کی وردی پہن کر واہگہ بارڈر پہنچ گئے
شاہد آفریدی فوجی وردی پہن کر واہگہ بارڈر پہنچ گئے
پہلگام حملے پر بھارتی فوج کو آڑے ہاتھوں لینے کے بعد، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی پاک فوج کی وردی پہن کر واہگہ بارڈر پہنچ گئے-
شاہد آفریدی نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی، جس میں وہ نہ صرف جوانوں کے درمیان موجود ہیں بلکہ وطن سے محبت کے جذبے کا عملی مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔
اس موقع پر شاہد آفریدی نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عزت سے ہمارے گھر آؤ گے تو ہم نہ صرف عزت کریں گے بلکہ چائے بھی پلائیں گے، لیکن اگر بدمعاشی دکھاؤ گے تو ہماری تاریخ، روایات اور کلچر ہی ہمارا جواب ہوں گے۔“
انہوں نے بھارت کی آبی جارحیت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانی بند کر کے تم اپنا ہی نقصان کرو گے، کیونکہ پھر تمہارے مہمانوں کو چائے بنانے والا بھی کوئی نہیں بچے گا۔
آفریدی کی واہگہ بارڈر پر فوجی وردی میں موجودگی پر پاکستانی عوام نے سوشل میڈیا پر خوب داد دی۔صارفین نے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے لکھا کہ سچا محب وطن یہی ہوتا ہے، جو صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے بھی اپنا عشقِ وطن دکھائے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں شاہد آفریدی نے کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارتی فوج کی نااہلی پر سخت الفاظ استعمال کیے تھے ان کے مطابق 8 لاکھ فوج ہونے کے باوجود تم اپنی عوام کو تحفظ نہیں دے سکے، اس کا مطلب ہے کہ تم نالائق ہو، نکمے ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اگر ایک پٹاخہ بھی پھٹ جائے تو فوراً پاکستان پر الزام دھر دیا جاتا ہے، حالانکہ کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے، پھر بھی حملہ ہو جاتا ہے، تو یہ تمہاری ناکامی ہے نالائقی اور نکمے پن کی انتہا ہے کہ اپنی ہی عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے محض ایک گھنٹے بعد ہی بھارتی میڈیا نے صورتحال کو ایک سنجیدہ خبر سے ہٹا کر بالی وڈ کی ڈرامائی کہانی میں بدل دیا۔ آفریدی نے طنزیہ انداز میں کہا،
”مجھے حیرت ہوئی کہ میڈیا نے رپورٹنگ چھوڑ کر فلمی مکالمے دہرانا شروع کر دیے۔ خدارا، ہر خبر کو بالی وڈ نہ بنایا کرو۔“
شاہد آفریدی نے نام لیے بغیر کچھ سابق بھارتی کرکٹرز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو، ان کے مطابق، ثبوت کے بغیر پاکستان پر حملے کا الزام لگا رہے تھے۔ انہوں نے کہا دو بڑے بھارتی کرکٹرز، جو نہ صرف بھارت کے لیے کھیل چکے بلکہ سرکاری ایمبیسڈر بھی رہے، وہ بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بھائی، کوئی ثبوت تو دکھا دو۔ صرف جذباتی باتوں سے حقیقت نہیں بدلی جا سکتی۔“
آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے تمہیں ثبوت دیئے، ایک (ابھی نندن) کو چائے پلا کر واپس بھی کر دیا، دوسرا اب بھی ہمارے پاس موجود ہے، ہم نے تو دنیا کے سامنے حقیقت رکھی، تم بھی ثبوت لاؤ، الزام نہ لگاؤ۔
آفریدی نے بلوچستان میں بدامنی کا ذکر کرتے ہوئے بھارت پر براہِ راست مداخلت کا الزام بھی لگایا ان کا دعویٰ تھا کہ ہم سب جانتے ہیں بلوچستان میں کیا ہو رہا ہے، اور اس کے پیچھے کون ہے ہم نے صرف بات نہیں کی بلکہ ثبوت بھی دیے، جبکہ بھارت صرف الزامات پر چل رہا ہے۔