ویمنز بیس بال ٹیم کی تاریخی کامیابی قابل فخر لحمہ ہے :
میر طارق بگٹی صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن
ملتان( اظہار عباسی سے ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی سے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے وفد نے پی ایچ ایف آفس اسلام آباد میں ملاقات کی،
جس میں ویمنز بیس بال ٹیم کی ایشین کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی اور کانسی کا تمغہ جیتنے پر تہنیتی کلمات کا تبادلہ کیا گیا۔
وفد میں پاکستان بیس بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سید فخر علی شاہ، نائب صدر و چیئرمین ٹیکنیکل کمیٹی جمیل کامران، فنانس سیکریٹری طاہر محمود اور پاکستان مینز بیس بال ٹیم کے کپتان عمیر بھٹی شامل تھے۔
وفد نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بیس بال ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے میر طارق بگٹی نے کہا:
"ویمنز بیس بال ٹیم کی یہ تاریخی کامیابی پاکستان کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ یہ تمغہ ٹیم کی صلاحیت، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ ایشین ویمنز بیس بال چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنا خواتین کھیلوں کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت ہے جس پر پوری قوم خوش ہے۔”
انہوں نے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہمیشہ مثبت کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام فیڈریشنز کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر سید فخر علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بیس بال اور ہاکی فیڈریشنز باہمی تعاون سے کام کریں گی۔
دونوں فیڈریشنز نے مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔