سیاسی و عسکری کشیدگی: پاک انڈیا ہاکی مقابلے دائو پر لگ گئے
سیاسی و عسکری کشیدگی:پاک انڈیا ہاکی مقابلے دائو پر لگ گئے
اسلام آباد (راجہ ذیشان) پاکستان اور بھارت کے در میان حالیہ سیاسی اور عسکری کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے در میان کھیلوں کے حوالے سے بھی تعلقات تنائو کا شکار ہو رہے ہیں۔
دونوں ممالک کے در میان دو بڑے کھیلوں کرکٹ اور ہاکی کے مستقبل میں کھیلے جانے والے مقابلوں پر سوالیہ نشان ثبت ہے۔ ہاکی کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ مینز ہاکی ایشیاکپ 2025 سے پاکستان کو باہر کرنے کیلئے بھارت نے تیاریاں مکمل کرلیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مینز ہاکی ایشیاکپ رواں برس اگست اور ستمبر میں بھارت کے شہر راجگیر میں شیڈول ہے ، یہ ٹورنامنٹ 2026 ہاکی ورلڈکپ کی کوالیفکیشن کا اہم ذریعہ ہے۔
پہلگام واقعہ کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی سفارتی کشیدگی کے بعد بھارت نے پاکستانی ٹیم کو دوٹوک انداز میں ویزا دینے سے انکار کردیا تھا
تاہم اب ٹورنامنٹ سے گرین شرٹس کو باہر کیے جانے کا امکان ہے۔ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے ابھی تک اس صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم بھارتی حکام پاکستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں دیکھنا چاہتے۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے صورتحال پر تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔تین بار ایشیا کپ ٹائٹل جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ نہایتی شاندار رہا ہے،
مینز ہاکی ٹیم نے 12 ایونٹس میں سے 11 میں شرکت کی ہے جو کسی بھی ٹیم سے زیادہ ہیں۔ دوسری جانب کرکٹ کے مقابلوں کے حوالے سے بھی مستقبل انتہائی مخدوش ہے۔
اگر چہ بی سی سی آئی نے ایشیا کپ سے واک آئوٹ کی اطلاعات کی تردید کی ہے مگر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق انڈیا حقیقت میں بھی ریجنل سطح کے اس ٹورنامنٹ کا مینز اور ویمنز سطح پر بائیکاٹکرسکتاہے۔