جمناسٹک

مارشل آرٹس سپورٹس گالا کا رنگارنگ میلہ ایبٹ آباد میں شروع ہوگیا

مارشل آرٹس سپورٹس گالا کارنگارنگ میلہ ایبٹ آباد میں شروع ہوگیا

ایبٹ آباد: چناروں کے شہر ایبٹ آباد میں ایک منفرد اور جوش و خروش سے بھرپور "مارشل آرٹس سپورٹس گالا” کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں مختلف مارشل آرٹس کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

اس رنگا رنگ گالا میں کراٹے، ووشو، جِمناسٹک، مکس مارشل آرٹس اور جوجٹسو کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں، جن میں بچے اور بچیاں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور اپنی بھرپور جسمانی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کی رونق میں اُس وقت اضافہ ہوا جب ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) تناء اللہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نعمان بھی موجود تھے،

جنہوں نے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا بلکہ اس قسم کے صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی امید دلائی۔

یہ شاندار ایونٹ سٹی سپورٹس کمپلیکس ایبٹ آباد میں جاری ہے اور 25 مئی تک جاری رہے گا۔ سپورٹس گالا کا مقصد نوجوانوں کو نہ صرف مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے بلکہ ان میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا موقع بھی فراہم کرنا ہے۔

مارشل آرٹس کے ان مقابلوں میں جہاں جذبہ، مہارت اور تکنیک کا مظاہرہ ہو رہا ہے، وہیں والدین اور شائقین کی بڑی تعداد بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ایسے ایونٹس نوجوان نسل میں اعتماد، نظم و ضبط اور جسمانی فٹنس کو فروغ دیتے ہیں۔

ایبٹ آباد میں مارشل آرٹس سپورٹس گالا کے انعقاد کو علاقے کے لیے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف کھیلوں کی ترقی کا باعث بنے گا بلکہ نئی نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف بھی لے جائے گا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!