
جہاز میں سگریٹ پینے کا الزام، پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر کو آف لوڈ کر دیا گیا
پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید غیر ملکی دورے سے وطن واپسی کے دوران مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی کرتے پکڑے گئے، جس کے بعد انہیں پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب قومی ہاکی اسکواڈ ارجنٹینا سے واپسی پر ٹرانزٹ کے لیے ایک غیر ملکی ائیرپورٹ پر رکا تھا۔
ذرائع کے مطابق واپسی کے دوران جہاز برازیل میں ٹرانزٹ کے لیے رکا، جہاں جہاز کے رکنے کے بعد انجم سعید کی جانب سے مبینہ طور پر سگریٹ نوشی کی گئی۔
جہاز کے عملے نے اس عمل پر اعتراض کرتے ہوئے سکیورٹی حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد سکیورٹی عملے نے کارروائی کرتے ہوئے انجم سعید کو آف لوڈ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منیجر کے ساتھ ایک کھلاڑی کو بھی جہاز سے اتارا گیا، جبکہ باقی تمام قومی اسکواڈ پاکستان روانہ ہوگیا۔
واقعے کے بعد ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز نے انجم سعید کے حق میں کافی منت سماجت کی، تاہم سکیورٹی عملے نے جہاز میں سگریٹ نوشی سے متعلق سخت قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کسی قسم کی رعایت نہیں دی۔
دوسری جانب انجم سعید نے اس واقعے کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاز میں سگریٹ نوشی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور وہ ایک کھلاڑی کے ساتھ دبئی میں کام کے سلسلے میں رکے تھے۔ ان کے مطابق اس معاملے کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے انجم سعید کو اپنی تحویل میں بھی لیا اور جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ مبینہ طور پر اثرو رسوخ استعمال کرنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم بالآخر معاملہ جرمانے کی ادائیگی پر ختم ہوا۔
واضح رہے کہ قومی ہاکی اسکواڈ دو روز قبل وطن واپس پہنچ چکا تھا، جبکہ انجم سعید اور ایک کھلاڑی گزشتہ شب پاکستان پہنچے ہیں۔



