کرکٹ

پہلا ون ڈے؛ عرفات منہاس کی شاندار پرفارمنس،آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور غازی غوری بالترتیب 69 اور 65 رنز بنا کر نمایاں رہے

 پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 ویں اوور میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ پاکستان نے 43ویں اوور میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔ جب معاذ صداقت 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کا دوسرا کھلاڑی بھی جلد ہی 49 رنز پر پویلین لوٹ گیا۔ صاحبزادہ فرحان 28 رنز ہی بنا سکے۔

بابر اعظم اور غازی غوری نے اچھی پارٹر شپ کھیلی۔ بابر اعظم ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ غازی غوری 8 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 176 اور چوتھی وکٹ 185 پر گری۔

سلمان آغا زیادہ دیر پچ پر کھڑے نہ رہ سکے۔ اور 4 گیندوں پر 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اور یوں 195 رنز پر پاکستان کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

اس سے قبل آسٹریلین ٹیم کے اوپنر الیکس کیری اور میتھیو شارٹ میدان میں اترے۔ الیکس کیری 19 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اور یوں آسٹریلیا کی پہلے وکٹ 32 کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔

اس کے بعد جوش انگلس بھی زیادہ دیر پاکستانی شاہینوں کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنا کر ڈیبو کرنے والے کھلاڑی عرفات منہاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

مارنس لیبوشین بغیر کوئی رن بنائے عرفات منہاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ 62 کے مجموعی اسکور پر یکے بعد دیگرے مہمان ٹیم کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد آنے والے کھلاڑی کیمرون گرین بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ وہ بھی عرفات منہاس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ 68 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 123 کے مجموعی اسکور پر گری، اوپنر آنے والے کھلاڑی میتھیو شارٹ 55 رنز کی نمایاں اننگز کھیل کر عرفات منہاس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اولیور پیک مجموعی اسکور میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر سکے۔ اور وہ 145 کے مجموعی اسکور پر سلمان آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف 179 رنز پر ساتویں وکٹ گر گئی۔ میٹ رینشا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیتھن ایلس زیادہ دیر پچ پر کھڑے نہ رہ سکے وہ صرف 8 رنز بنا کر عرفات منہاس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی نویں وکٹ بھی فوراً ہی گر گئی۔ تنویر سنگھا بغیر کوئی رن بنائے 200 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ میتھیو کوہنیمین بھی اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے انہوں نے 24 رنز بنائے۔

عرفات منہاس نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ ابرار احمد 2، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور سلمان آغا ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔

عرفات منہاس ون ڈے ڈیبیو میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بالر بن گئے۔ اس سے قبل پاکستان کے ذاکر خان نے 1984 میں ڈبییو پر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

قومی ٹیم کی قیادت شاہین آفریدی کر رہے ہیں۔ 11 رکنی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، بابر اعظم، غازی غوری، سلمان علی آغا، عبد الصمد، شاداب خان، حارث رؤف اور ابراراحمد شامل ہیں، نوجوان کھلاڑی عرفات منہاس ڈیبیو کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ون ڈے ڈیبیو پر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے عرفات منہاس پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، انہوں نے 10 اوورز میں 32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

عرفات منہاس نے 42 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، پاکستان کی طرف سے ڈیبیو میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ ذاکر خان کے پاس تھا جب کہ ذاکر خان نے 1984 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو میں 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم آج آسٹریلیا کے خلاف اپنا 1000 واں ون ڈے میچ کھیل رہی ہے جب کہ اس کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے والی تیسری ٹیم بھی بن گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!