لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بدھ کے روزنشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ای لائبریری، منی ہاکی سٹیڈیم، پنجاب سٹیڈیم کے بیرونی احاطے، سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے دفاتر کی ورکنگ کا تفصیلی جائزہ لیا، منی ہاکی سٹیڈیم کے دورے کے دوران رانا ظہیرہاکی اکیڈمی کی ٹیموں کے درمیان جاری میچ دیکھا اور کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ہاکی کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا
ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، نوجوان محنت کرکے اس کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں، ای لائبریری کے دورے کے دوران ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ ای لائبریری پنجاب حکومت کا شاندار منصوبہ ہے جس سے نوجوان دنیا میں ہونے والی تحقیق اور سپورٹس کی دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے استعفادہ حاصل کرسکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ سپورٹس انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے، نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ہمارے پاس جدید سہولتوں سے آراستہ سٹیڈیم، جمنیزیم، سوئمنگ کمپلیکس اور دیگر ادارے موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب کرکے ان کے کھیل کو مزید بہتر بنایا جائے
نوجوان سپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریگا۔ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے افسران کو ہدایت کی کہ صوبہ میں سپورٹس کا کلچر پروان چڑھانے کے لئے اہم اقدامات کئے جائیں۔