لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ 30ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد سے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، پنجاب کلرز کی ٹیم پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی جس پر پنجاب کلرز کی ٹیم خصوصی مبارکباد کی مستحق ہے، پنجاب کلرز کی ٹیم کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے 50ہزار روپے اور واپڈا کی ٹیم کو 25ہزار روپے انعام دیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 30ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور ایئر وائس مارشل عرفان احمد تھے
اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر ، جی ایم پاکستان وومن ہاکی فیڈریشن تنزیلہ عامر چیمہ، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب حفیظ بھٹی و دیگر بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا نیشنل ہاکی سٹیڈیم آمد پر پرتپاک استقبا ل کیا گیا، فائنل میں واپڈا نے پنجاب کلرز کی ٹیم کو 4-0سے شکست دیکرچیمپئن شپ جیت لی، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پنجاب کلرز کی ٹیم کو میڈلز پہنائے، ایئر وائس مارشل عرفان احمد نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو سوینئر پیش کیا۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ میں پنجاب کلرز کی ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی وہ پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے،ہم امید کرتے ہیں اگلی چیمپئن شپ پنجاب کی ٹیم جیتے گی، پنجاب کلرز کی ٹیم کو حوصلہ افزائی کیلئے زیادہ انعام کا اعلان کیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے پنجاب کلر زکی ٹیم کو 50 ہزار روپے جبکہ واپڈا کی ٹیم کو 25 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
ایئر وائس مارشل عرفان احمدنے اپنے خطاب میں کہا کہ واپڈا اور پنجاب کلرز کی ٹیموں کوبہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، پنجاب کلرز نے دوسری پوزیشن حاصل کی،واپڈا کی ٹیم میں انٹرنیشنل کھلاڑی تھے اس کے باوجود پنجاب کلرز کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔