اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)وفاق ہائے ایوان تجارت و صنعت پاکستان کی مرکزی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کھیل و ثقافت کا دوسرا اجلاس کنوینر شاہدہ شعیب رضوی کی زیر صدارت دو جولائی کو فیڈریشن ہاوس کراچی میں منعقد ہوا جس میں جناب مسلم محمدی، نائب صدر نے خصوصی شرکت کی، دیگر شرکاء میں اولمپیئن سمیع اللہ، زیبا شہناز، قرات العین، سید سخاوت علی، شازلین اقبال، ماہیہ معین، کوکب مجتبا، سلمی عقیل، یوسف الرحمان، عثمان بٹ، منیر احمد شیخ، تبسم آفتاب، مشی خان، سہیل احمد صدیقی، حاجی طارق محمود وغیرہ شامل تھے ۔ اجلاس میں گزشتہ میٹنگ کی کارروائی کی منظوری دی گئی اور مختلف پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی، جس میں ماہ جولائی میں سیمینار، اگست میں جشن آزادئی پاکستان کے حوالے سے رگبی ٹورنامنٹ، اسکول کے بچے اور بچیوں کے لیے تربیتی پروگرام، اسپورٹس ایکسیلنس ایوارڈ، گرلز ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم، نومبرمیں بہاولپور میں انٹر اسکول گرلز ھاکی ٹورنامنٹ، دسمبر میں فیصل آباد میں تربیتی کورس شامل ہیں۔ مسلم محمدی صاحب، نائب صدر نے اپنے خصوصی خطاب میں شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ شاہدہ شعیب رضوی کی قیادت میں فیڈریشن کے بینر تلے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں گے، انہوں نے کمیٹی کی سرگرمیوں کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔