پشاور(ریاض احمد) ہیڈ کوچ ارشد خان کی کوچنگ میںدفاعی چمپئن پاکستان ایئر فورس نے 1993اور 2013کی فاتح نیشنل بینک کو گروپ میچ میں 0-3سے شکست دے کر 28ویں نیشنل چیلنج کپ 2019سے باہر کردیا۔
فاتح ٹیم کیلئے سہیل جونیئر، فیصل اور منصور خان نے ایک ایک بار گیند کو جال میں ڈالا۔ پاکستان ایئر فورس پہلے ہی گروپ ’اے‘ سے بحیثیت گروپ لیڈر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ مستحکم کرچکی ہے ۔قبل ازیں انہوں نے ایشیا گھی ملز اور پاکستان پولیس کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ نیشنل بینک کو ٹاپ 8میںرسائی کیلئے پاکستان ایئر فورس سے صرف میچ برابر کھیلنا تھا
لیکن بدقسمتی سے انہیں شکست ہوئی۔نیشنل بینک نے پاکستان پولیس سے مقابلہ 2-2سے برابر اور ایشیا گھی ملز کو 1-2سے شکست دی تھی۔ اسی گروپ سے پاکستان پولیس نے ایشیا گھی ملز کو 5-0کے واضح فرق سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پولیس کی جانب سے یوسف نے 2، جمیل ، حنیف اور نبیل نے ایک ایک بار گیند کو جال کی جانب روانہ کیا۔ایئر فورس اور نیشنل بینک کے مابین میچ میں کرنل (ر) سعد رسول ، ایگزیکٹیو ممبر ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کا بحیثیت مہمان خصوصی کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔اس موقع پر سید ظاہر علی شاہ، شرافت حسین بخاری، باسط کمال، حزب اﷲ بٹینی،رؤف باری ودیگر بھی موجود تھے۔طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پشاور پر کھیلے گئے اہم میچ میں نیشنل بینک حریف پاکستان ایئر فورس کے ہاتھو ں 3-0کی ہزیمت سے دوچار ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
وقفہ پر مقابلہ 0-0سے برابر تھا۔47ویں منٹ میں ایئر فورس نے سہیل جونیئر کے زریعہ0-1سے سبقت حاصل کی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد نیشنل بینک نے میچ میں واپسی کیلئے اٹیکنگ گیم کھیلا لیکن انہیں گول اسکور کرنے میں تو کامیابی حاصل نہ ہوسکی تاہم انجری ٹائم میں مزید 2گول انکے خلاف اسکورہوئے۔90+3میں فیصل نے ایئر فورس کی برتری کو 0-2کیا اور اگلے ہی منٹ 90+4میں انٹرنیشنل اسٹرائیکر منصورخان نے تیسرا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی کو0-3سے یقینی بنادیا۔قیوم اسٹیڈمیم کینٹ پرگروپ ’اے‘ کے دوسرے میچ میں پاکستان پولیس نے اپنے شاندار کھیل سے ایشیا گھی ملز کو 5-0کی یکطرفہ شکست سے دوچار کیا۔
پاکستان پولیس کی جانب سے 31ویں منٹ میں محمد جمیل نے گول اسکورنگ کا آغاز کیا اور49ویں منٹ میں محمد حنیف نے اپنی ٹیم کی برتری کو 0-2کردیا ۔ وقفہ کے بعد پاکستان پولیس نے مزید 3گول داغ دئے۔ محمد یوسف نے 75ویں اور 80ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 2گول اسکور کیئے جبکہ نبیل نے 86ویں منٹ میں اپنی ٹیم کا 5واں اور آخری گول اسکور کیا۔آج (اتوار) سوئی سدرن گیس اور پاکستان نیوی کے مابین مقابلہ ہوگا۔