کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سکندر بخت نے ’’ کرکٹ کمیٹی‘ میں شامل سابق کرکٹرز پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ افسوس ہوتا ہے، عہدوں کی چمک اتنی سستی ہے کہ وہ وسیم خان کے ماتحت بیٹھ کر پاکستان کرکٹ کے مستقبل پر سوچ بچار کریں گے۔ ایک انٹرویومیں سکندر بخت نے کہاکہ مجھے انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز ’ کرکٹ کمیٹی‘ میں وسیم خان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں بٹھیں گے، یہ بڑے شرم کا مقام ہے ان بڑے کرکٹرز کے لیے جو خود پر اْٹھنے والی انگلیوں کا رخ موڑنے کیلئے کسی بھی حد تک چلے جاتے ہیں۔سکندر بخت نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے، عہدوں کی چمک اتنی سستی ہے کہ وہ وسیم خان کے ماتحت بیٹھ کر پاکستان کرکٹ کے مستقبل پر سوچ بچار کریں گے۔بین الاقوامی کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے سکندر بخت نے کہا کہ کون ہے؟ یہ وسیم خان ،اس بیچارے کو ہمارے کرکٹ نظام کا کتنا پتہ ہے،سب سوالات اٹھاتے ہیں کہ وہ کیسے پی سی بی کے اس بڑے عہدے تک پہنچے، لیکن میرا سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کرکٹ میں فیصلہ ساز کرکٹ سے وابستہ اشخاص ناپید ہوگئے؟کہ ہم کو انگلینڈ سے وسیم خان کو درآمد کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ یہ دراصل پاکستان کرکٹ کے نظام کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کے ذمہ دار ہمارے اپنے ہی کرکٹرز ہیں ،جنہوں نے ملنے والے مواقعوں کو ضائع کیا، اور اب ہمارے اوپر باہر سے لاکر لوگوں کو مسلط کیا جارہا ہے۔