پشاور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس کی جانب سے مالدیپ میں بیڈمنٹن مقابلوں میں بھارت کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیتنے اور ٹیم ایونٹ میں براؤنز میڈل ملک کیلئے لانے والے کھلاڑیوں کیلئے سینئر صوبائی وزیر کھیل عاطف خان کی جانب سے اعلان کردہ 5 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کر دیئے گئے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن جنید خان مہمان خصوصی تھے،ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشن ثقلین شاہ، سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے عہدیداران شاہ فیصل، امجد خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جعفر شاہ، منیر عباس، سیکرٹری بیڈمنٹن ایسوسی ایشن امجد خان،صداقت شاہ، ندیم خان، حیات خان، انور خلیل، بیڈمنٹن پلیئر قاری عدنان،مہوش خان، حمزہ خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، تفصیلات کے مطابق مالدیپ میں منعقد ہونے والی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں پشاور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں قاری عدنان اور مہوش خان نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ اور براؤنز میڈل جیتا تھا، قاری عدنان نے ڈبل مقابلے کے فائنل میں بھارت کو 2 کے مقابلے میں 1 سیٹ سے شکست دیکر گولڈ میڈل جیتا تھا تاہم ٹیم ایونٹ میں مہوش خان نے نیپا ل کی ٹیم کو شکست دیکر براؤنز میڈل جیتا
مہوش خان کوملک کی نمائندگی کرنے والی خیبرپختونخوا کی پہلی بیڈمنٹن کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہو گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک نے کہاکہ حکومت نے ڈی آئی خان، بنوں اور دیر سمیت مختلف مقامات پر بیڈمنٹن کورٹ بنائے ہیں اور ان کی تزہین و آرائش کی گئی ہے ایسوسی ایشن اور کوچز کی محنت قابل تعریف ہیں تاہم گراس روٹ لیول پر مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پشاور کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موجودٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے، ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کو ہمیشہ سپورٹ کرتا رہے گا، منیجنگ ڈائریکٹرٹورازم کارپوریشن جنید خان نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں حکومت نے کھلاڑیوں کو پہلے سے بہت بہتر اور اچھی سہولیات فراہم کر دی ہیں جبکہ مزید سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے، سہولیات کی فراہمی حکومت کررہی ہے مگر کھلاڑی سامنے تب آتا ہے جب اس کا اپنا شوق ہو اور اس میں کچھ کرنے کا جذبہ ہو، خیبرپختونخوا نے ہرکھیل میں کھلاڑی پیدا کئے ہیں مگر ابھی کھیل کی شروعات ہے، کھلاڑیوں پر تمام کوچز کو مزید محنت کرنا ہو گی جس کے بعد ہی چمپئن پیدا ہونگے، حکومت نے جو کھلاڑیوں کے ساتھ وعدے کئے ہیں وہ پورے ہونگے، بیڈمنٹن میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس قابل تعریف ہے، بیڈمنٹن خیبرپختونخوا کی ٹیم نیشنل گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیتے گی۔