لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم سے باہر کرکٹر محمد حفیظ کا اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے کا معاملہ برقرار ہے ، انہوں نے ایف بی آر سے اثاثہ جات سے متعلق جواب دینے کے لیے دوسری بار مہلت مانگ لی ہے۔ایف بی آر نے چند روز پہلے محمد حفیظ کو 28 نومبر تک مہلت دی تھی کہ وہ اپنے ذمے ٹیکس کی ادائیگی کا معاملہ نمٹائیں ورنہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق اثاثے چھپانے پر کرکٹر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کا گزشتہ 5 سال 2014 سے 2018 تک کا انکم ٹیکس آڈٹ کیا گیا، ایف بی آر نے ان کے تمام بینکوں سے تفصیلات حاصل کر رکھی ہیں۔حفیظ نے تقریبا 17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے تھے۔ایف بی آر حکام نے کرکٹر محمد حفیظ کو 7 دسمبر تک جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی ہے ۔