لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابقہ ریجنل ایسوسی ایشنز میں کام کرنے والے گراؤنڈ اسٹاف کو مزید دو ماہ کا کنٹریکٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 19 اکتوبر سے شروع ہونے والے نئے کنٹریکٹ کی معیاد 19دسمبر2019 کو ختم ہوگئی۔
اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ نے 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ماتحت گراؤنڈ اسٹاف کو دو ماہ کنٹریکٹ جاری کیا تھا جس کی معیاد19 اگست 2019 کو شروع ہوئی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے بیشترگراؤنڈ اسٹاف سے رابطہ کرکے انہیں نئے کنٹریکٹ سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔ تمام اسٹاف کی تنخواہیں جلد ان کے بنک اکاؤنٹس میں منتقل کردی جائیں گی۔
دوہزار دس میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیوریٹرز کو براہ راست تنخواہوں کی ادائیگی کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس میں تاخیر کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کی تحقیقات کے بعد یہ امر سامنے آیا کہ پی سی بی کے ماتحت63 گراؤنڈز میں بدانتظامی اور فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ 27 گراؤنڈز کی حالت سازگار نہیں اور نہ ہی وہاں کرکٹ میچ کا انعقاد کیا جاسکتا ہے جبکہ دیگر 36 گراؤنڈز بھی پی سی بی کے معیارپر پورا نہیں اترتے۔اس دوران ان گراؤنڈز میں گھوسٹ ملازمین کی بھرتیوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 63 گراؤنڈز کی دیکھ بھال کے لیے 16 ریجنز کو گذشتہ پانچ سال میں 317ملین روپے جاری کیے ۔ جس کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہے:
آفس اسٹاف(2019-2014): 34,780,911 روپے
گراؤنڈ اسٹاف(2019-2014): 221,546,514 روپے
سامان(2019-2015): 36,264,019 روپے
دفتری اخراجات(2019-2015): 24,760,076 روپے
ٹوٹل: 317,350,620 روپے
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئےآئین کے مطابق 16 ریجنل ایسوسی ایشنز اب 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں ضم ہوچکی ہیں۔ نئے آئین کے تحت کرکٹ ایسوسی ایشنز ہی اپنے دائرہ اختیار میں کرکٹ کی سرگرمیوں کی ذمہ دار ہوں گی۔ جس کے باعث 19 دسمبر 2019 کے بعد گراؤنڈ اسٹاف کے مستقبل کا فیصلہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کریں گی لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ نے اب گراؤنڈ اسٹاف سے متعلق مزید کوئی اخراجات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ گراؤنڈز کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ گراؤنڈز متعلقہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےہوم وینیوز ہوں گے لہٰذا ان گراؤنڈز کے انتظام اور دیگر تمام معاملات کی ذمہ داری کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ہوگی۔تمام گراؤنڈز مالکان جلد از جلد پاکستان کرکٹ بورڈسےرابطہ کرلیں تاکہ انہیں مستقبل کے حوالے سے آگاہ کیا جاسکے۔