کراچی (ریاض احمد) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام کراچی سینٹر پر 12ویں نیشنل وومین فٹبال چمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم اور کے پی ٹی گراؤنڈ پر جاری ہیں۔ جہاں کراچی یونائیٹڈ نے مسلسل تیسری فتح کے ساتھ فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کراچی ککرز کو 4-0کی شکست کا سامنا رہا۔ فاتح ٹیم کی نینا زہری نے دوسری ہیٹرک بنا کر مجموعی طورپر 7گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہونے کا اعزاز کراچی ککرز کی اریبا عزیز سے چھین کر اپنے نام کرلیا۔
میچ کے اختتام پرسیف گیمز گولڈ میڈلسٹ سینئر نیشنل کوچ طارق لطفی کا دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں سے تعارف کرایاگیا۔کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پر میزبان ٹیم کو برتری کے حصول کیلئے 36منٹ انتظار کرنا پڑا۔ اس دوران قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور متعدد یقینی مواقع ضائع کئے گئے۔ تاہم 36ویں منٹ میں نینا زہری نے انفرای کوشش سے اپنی ٹیم کیلئے پہلا گول اسکور کیااور صرف 3منٹ بعد بائیں جانب سے آنے والے کراس کو گول میں تبدیل کرکے 0-2کی سبقت دلادی۔ وقفہ پر کراچی یونائیٹڈ کو 0-2کی برتری حاصل تھی جس میں مزید 2گول کا اضافہ دوسرے ہاف میں کیا گیا جب 55ویں منٹ میں نقیہہ نے تیسرا جبکہ چوتھا اور آخری گول نینا زہری نے اسکور کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کی اسکور لائن کو 0-4کیا بلکہ اپنی دوسری ہیٹرک بھی اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا ۔
کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں 2010کی سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ جو 100میٹر کی ریس جیت کر ساؤتھ ایشیا کی برق رفتار ایتھلیٹ قرار پائی تھیں ان کے نام سے موسوم نسیم حمید وومین فٹبال کلب نے گروپ ’1‘میں اپنے دونوں میچوں میں اپنی شرکت کو یقینی نہ بنا کر ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کو نیشنل ایونٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے سے محروم کردیا۔ اپنے پہلے میچ میں جافا وومین فٹبال کلب کیخلاف اور دوسرے میچ میں کراچی وومین فٹبال کلب کے سامنے نہ آسکی ۔ شائقین جو اپنی عظیم کھلاڑی کی ٹیم کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے تھے لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔آج (جمعرات) کو محسن گیلانی وومین ایف سی کا سامنا سی ڈی ایس ایس سے کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم اور ایف ایس ای کے مقابل بلوچستان وومین فٹبال ٹیم کے پی ٹی اسٹیڈیم پر ساڑھے تین بجے سہہ پہر آئے گی۔ریفری شوکت حسین، زاہد علی، یوسف منصوری اور سلیم بابر ، ریفریز ایسیسر جاوید بنگش جبکہ میچ کمشنر عبدالکریم تھے۔