پشاور(سپورٹس رپورٹر)برٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ کے ونر اور سیمی فائنلسٹ کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے اس سلسلے میں گزشتہ روز خصوصی تقریب سیکرٹری ٹورازم کے دفتر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سینئر وزیر محمد عاطف خان تھے ان کے ہمراہ سابق برٹش چیمپئن قمرزمان’ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک اور دیگر شخصیات موجود تھیں
سینئر وزیر محمد عاطف خان نے برٹش جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں انڈر15 ونر پشاور کے محمد حمزہ خان ‘انڈر17 کے سیمی فائنلسٹ عماد احمد اور نور زمان کو نقد انعامات سے نوازا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی’سینئر وزیر محمد عاطف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشاورکے کھلاڑیوں نے برٹش جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ پیش کیا ‘انہوں نے کہا کہ ہم نے سکواش میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے سابق سات عالمی سکواش چیمپئنز کے گائوں نواں کلی سے دوبارہ مہم کا آغاز کر دیا ہے جہاں سے 37 سال تک پاکستان کے چیمپئنز دنیا پر راج کرتے رہے ہم نے پشاور میں 24 نئے سکواش کورٹس کیساتھ تمام ریجنز ڈیرہ اسماعیل خان
بنوں ‘کوہاٹ ‘مردان ‘سوات اور ہزارہ میں ریجنل سکواش کمپلیکس بھی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے ساتھ تمام ضم شدہ اضلاع میں کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 1000 گرائونڈز کے پراجیکٹ میں ضم شدہ اضلاع کو شامل کیا گیا ہے ‘انہوں نے کہا کہ قمرزمان سکواش کمپلیکس پر کام جاری ہے جہاں چھ انٹرنیشنل معیار کے سکواش کورٹس رواں ماہ اپریل میں مکمل ہوجائیں گے انہوں نے کہا کہ نواں کلی میں تعمیر ہونیوالے زیر تعمیر سکواش کورٹس کو محمد حمزہ خان کے نام سے منسوب کیا جائیگا جنہوں نے سات سال کے بعد ملک و قوم کے لئے برٹش جونیئر میں گولڈ میڈل جیتا’انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سے 128 کھلاڑیوں میں سے پشاور کے کھلاڑیوں نے گولڈ اور برانز میڈل جیت کر کارنامہ سرانجام دیا ہے
‘گزشتہ سال پشاور کے ہمام احمد اور حمزہ خان نے یوایس جونیئر مقابلوں میں سلور میڈل جیتے تھے وہ بھی ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے سپانسر شپ پروگرام کے تحت امریکہ کھیلنے گئے تھے اور اب محمد حمزہ خان ‘نور زمان اور عماد احمد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ‘انہوں نے پی اے ایف اکیڈمی پشاور کے ہیڈ کوچ اطلس خان سمیت دیگر کوچز اور اسلام آباد میں کوچز کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ان کھلاڑیوں کیساتھ محنت کی انہوں نے کہا کہ جلد ہی تمام ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں کوچز کی تقرری کی جائے گی ‘انہوں نے کہا کہ جلد ہی ہمارے سکواش کھلاڑی سکواش کی دنیا میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے
انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان سکواش فیڈریشن کو خراج تحسین پیش کیا جن کی کاوشوں سے جونیئر کھلاڑی آگے آرہے ہیں اور فیڈریشن انہیں بہترین مواقع فراہم کررہی ہے ‘انہوں نے کہا کہ سالانہ سپورٹس بجٹ 28 بلین روپے تک بڑھایا گیا ہے جس میں انٹرنیشنل گولڈ میڈل ونر کیلئے تین لاکھ’ سلور اور برانز میڈلسٹ کیلئے ایک لاکھ فی کھلاڑی اور اس کیساتھ گولڈ میڈل ونر کیلئے تیس ہزار روپے ماہانہ جبکہ سلور میڈل ونر کیلئے پندرہ ہزار اور برانز میڈلسٹ کیلئے دس ہزار مانہ سکالر شپ بھی رکھا گیا ہے۔