لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں، ہر شہر میں سپورٹس کے جدید منصوبے بنائے جارہے ہیں، جن میں سپورٹس گرائونڈز، سٹیڈیم اور جمنیزیم شامل ہیں، نوجوان جدید سہولتوں سے فائدہ اٹھاکر اپنے کھیل کو بہتر بنا ئیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سرگودھا میں سپورٹس کے زیرتعمیر منصوبوں میں پیشرفت کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میںپراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو اکرم صوبن، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرقصوررئوف باجوہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرسرگودھاطارق نذیر، تحصیل سپورٹس افسران اور سی اینڈ ڈبیلو کے افسران نے شرکت کی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے سپورٹس کے جدید منصوبے بنائے جارہے ہیںاور بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس کے فروغ کیلئے ہنگامی اقدامات کررہے ہیں، نوجوان سپورٹس میں حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرے گا، ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے ماہر کوچز سے تربیت بھی دلائیں گے،انڈور گیمز کیلئے جدید اور عالمی معیار کے جمنیزیم تعمیر کئے جارہے ہیں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے سرگودھا میں جمنیزیم، سپورٹس سٹیڈیم، ای لائبریری، سکواش کورٹ، فٹ بال گرائونڈ، جم خانہ کلب، سرسید سپورٹس کمپلیکس اور ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کیااور ان کا جائزہ لیا، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ زیر تعمیر منصوبوں کو مقررہ مدت میں ہی مکمل کیا جائے اورسابقہ منصوبوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔