کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ سدرن پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 370 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ سدرن پنجاب نے 93.4 اوورز کے کھیل میں 370 رنز بنائے ۔ عمران رفیق اور سلمان علی آغا نے سنچریاں اسکور کیں ۔ عمران رفیق نے 254 گیندوں پر 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے ۔ سلمان علی آغا نے 112 گیندوں پر 14 چوکوں اور2 چھکوں کے ساتھ100 رنز بنائے ۔ زین عباس نے 81 رنز بنائے ۔محمد عمیر 36 اور عامر یامین 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ سندھ کی جانب سے تابش خان نے تین وکٹیں لیں ۔ سندھ نے پہلی اننگز میں 217 رنز بنائے ۔ جواب میں سدرن پنجاب نے 247 رنز بنائے ۔ سندھ نے دوسری اننگز 399 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کر دی تھی ۔
نیشنل اسٹیڈیم میں سنٹرل پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ہار جیت کا فیصلہ ہو ئے بغیر ختم ہو گیا ۔ خیبر پختونخواہ کو میچ جیتنے کے لیے 305 رنز کا ہدف ملا ۔ آخری روز جب میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو خیبر پختونخواہ نے 21 اوور کے کھیل میں2وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز بنائے تھے ۔ فخر زمان کوصفر پر حسن علی نے بولڈ کیا ۔کامران غلام 14 رنز پر محمد سعد کا شکار ہو ئے ۔ اسرار اللہ 31 اور عادل امین 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 89 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا اور 304 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز 265 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کر دی ۔ قاسم اکرم نے 181 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی ۔ محمد سعد نے 83 اور سعد نسیم نے 54 رنز بنائے خیبر پختونخواہ کی طرف سے ساجد خان اور خالد عثمان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔ سنٹر ل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز 351 اور خیبر پختونخواہ نے 312 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کی تھی ۔