ملتان میں جاری نیشنل انڈر 16 ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں فہام الحق کی ناقابل شکست سنچری نے سینٹرل پنجاب وائٹس کو کامیابی دلادی.
سدرن پنجاب وائٹس اور کے پی وائٹس نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
ہیڈ محمد والا گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 49 رنز سے ہرادیا. 247 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی. حسنین ندیم نے 80 رنز بنائے. علی حسن نے 4 اور علی حسن بلوچ نے 3 وکٹیں حاصل کیں. اس سے قبل فہام الحق کی ناقابل شکست 102 رنز کی اننگز کی بدولت سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے. طیب عارف نے 43 رنز بنائے.
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختون خواہ نے سندھ کو 82 رنز سے شکست دے دی. فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد زبیر کے 87 اور افکر درانی کے 76 رنز کی بدولت مقررہ 45 اوورز میں 247 رنز بنائے. ہارون ارشد اور اویس رحیم نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا. جواب میں سندھ کی ٹیم مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز ہی بناسکی. عبدالرحمٰن 40 رنز بنا کر نمایاں رہے. محمد ہارون نے 4 اور حذیفہ خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں.
زواری گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو 86 رنز سے شکست دے دی. 221 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 134 رنز پر ہمت ہار گئی. سراج احمد 35 رنز بنا کر نمایاں رہے. شاہاز سعید نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی. اس سے قبل سدرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے. علی حسنین اور محمد فرحان نے اپنی ٹیم کو 188 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا. علی حسنین 95 اور محمد فرحان 83 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.