پاکستان کرکٹ بورڈ نے سالانہ جنرل باڈی اجلاس کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، اجلاس مئی کے تیسرے ہفتے میں کرانے کی منصوبہ بندی ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کی آخری جنرل باڈی میٹنگ نجم سیٹھی کے دور میں ہوئی تھی، نئے آئین کے تحت گزشتہ تین برسوں میں بورڈ جنرل باڈی میٹنگ نہ کرا سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور شریک نہیں ہو سکیں گے، کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور کا انتخاب اب تک نہیں ہو سکا ہے۔جنرل باڈی اجلاس میں چیئرمین پی سی بی، چیف ایگزیکٹو اور چیف آپریٹنگ آفیسر شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بلائنڈ کرکٹ کونسل اور ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرو بھی اجلاس میں شامل ہوں گے۔اجلاس میں چئیرمین پی سی بی رمیز راجا رپورٹ پیش کریں گے، اجلاس میں آڈٹ اور فنانشل رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔