کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو کے پی ایل میں شامل کرنے کا اعلان کردیا، عارف ملک نے کہا کہ اس حوالے سے ویرات کوہلی کو باقاعدہ طور پر دعوت نامہ بھیج رہے ہیں اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ چاہیں تو کھلاڑی کی حیثیت سے لیگ کا حصہ بنیں یا پھر بطور مہمان خصوصی میچز میں شرکت کریں ، ہم کے پی ایل کے ذریعے امن کا پیغام دے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹر بھی لیگ کا حصہ بنیں اور کرکٹ کے ذریعے دونوں جانب کشیدگی کم ہو، کشمیر پریمیئر لیگ کرکٹ لیگ کیساتھ ساتھ ایک مقصد بھی ہے، جس کے تحت کشمیر میں کرکٹ کو فروغ دینا اور اس ریجن کے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے ۔
اپنے بیان میں صدر کے پی ایل عارف ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پہلے سیزن کی طرح مظفر آباد اسٹیڈیم میں ہی دوسرا سیزن بھی منعقد ہوگا ، کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا یکم اگست سے باقاعدہ آغاز کرنے جارہے ہیں، 14 اگست کو جب پاکستان کا 75 واں جشن آزادی منایا جائے تب فائنل ہوگا جو تاریخی ہوگا۔
عارف ملک کا کہنا تھا کہ کے پی ایل کیساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کو فینٹسی لیگ بھی دیکھنے کو ملے گی جس میں مظفر آباد اور سری نگر کی ٹیمیں ورچوئلی ایک دوسرے کیساتھ کھیلتی نظر آئینگی، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں طرف کے لوگوں کو ملائیں تاکہ امن کا پیغام عام ہو، انہوں نے کہا کہ سیزن ٹو کی پلاننگ بہت واضح ہے لیگ کے پہلے ایک، دو سیزن میں صورتحال آئیڈیل نہیں ہوتیں لیکن دو، تین سیزن ہونے کے بعد چیزیں خود بخود بہتر سے بہتر ہوتی چلی جاتی ہیں۔