پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 23-2022 کا کیلنڈر جاری کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 23-2022 کا کیلنڈر جاری کردیا ہے۔سینئر کرکٹ سیزن کا آغاز 33 میچز پر مشتمل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سے ہوگا۔ راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا جانے والا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس طرز کی کرکٹ میں سیکنڈ الیون ٹیموں پر مشتمل کرکٹ ایسوسی ایشنز کپ 2 سے 15 ستمبر تک کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔قائداعظم ٹرافی 27 ستمبر سے 30 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کے 31 میچز ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سیکنڈ الیون ٹیمیں بھی انہی شہروں میں منعقدہ کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ میں 27 ستمبر سے 23 نومبر تک مدمقابل آئیں گی۔

 

سیزن کا اختتام پاکستان کپ سے ہوگا۔ 33 میچز پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 10 دسمبر سے 3 جنوری تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ سیکنڈ الیون ٹیموں کا کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج بھی 10 سے 29 دسمبر تک کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔ 30 اگست سے 3 جنوری تک جاری رہنے والے 127 دنوں پر مشتمل اس سیزن میں کل 187 میچز کھیلے جائیں گے۔ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سیکنڈ الیون ٹیموں کے مابین کرکٹ ایسوسی ایشنز کپ اب ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ لہذا اس ایونٹ میں اب ہر ٹیم 10 میچز کھیلے گی۔ اس سے قبل سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جاتے تھے۔ سیکنڈ الیون ٹیموں کے مابین کھیلی جانے والی کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ میں شامل میچز کا دورانیہ تین سے بڑھا کر چار روز تک کردیا گیا ہے تاہم ان میچز کا اسٹیٹس نان فرسٹ کلاس ہی رہے گا۔ یہ ٹورنامنٹ بھی اب ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!