پشاور( سپورٹس رپورٹر) کم بیکس سپورٹس پاکستان اینڈ ٹیکنی فائبر جونیئر ٹینس ٹریننگ کیمپ 15 جون سے پاکستان ٹینس کلب شاہی باغ پشاور میں شروع ہوگی جس میں خیبر کے انٹر نیشنل ، نیشنل اور لوکل کھلاڑیوں کو ایک ماہ تک کوالیفائیڈ کوچز دو مختلف سیشن میں ٹریننگ دینگے ، ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عمرآیاز خلیل اور سابق ٹینس کھلاڑی و نیشنل کوچ اسرار گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کم بیکس سپورٹس پاکستان اینڈ ٹیکنی فائبر کے تعاون اور صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام شاہی باغ ٹینس کلب میں 15 جون سے ٹیننگ کیمپ کا آغاز ہوگا کیمپ کا افتتاح اکائونٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا مرتضیٰ خان کرینگے
ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا خالد خان ،صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر ، صدر ڈی آئی جی سلیم مروت، سی ای او کم بیکس سپورٹس پاکستان عمر سعید ، ڈائریکٹر کم بیکس سپورٹس سید عارف علی ، ڈاکٹر فرحت عباس سمیت دیگراہم شخصیات شرکت کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں تین کیٹگریز کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی جائیگی ، اے کیٹگری میں انٹر نیشنل کھلاڑی شامل ہونگے ۔ بی کیٹگری میں نیشنل کھلاڑی اور سی کیٹگری میں لوکل کھلاڑی شرکت کرینگے ۔ کیمپ میںانڈر10 ، انڈر12 انڈر14 ، انڈر16 اور18 کھلاڑی شرکت کرسکتے ہیں تمام کھلاڑیوں کا اپنے ہمراہ فارم ب لانا لازمی ہے ، انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کیمپ انٹر نیشنل کوالیفائی کوچ اسرار گل اور ذاکر اﷲ دو مختلف سیشن میں کھلاڑیوں کو ٹریننگ دینگے کیمپ 7 جولائی تک جاری رہیگا۔