پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 2022-23 کیلئے ویمنز سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے اعلان کردہ کنٹریکٹ میں مجموعی طور پر 20 خواتین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے کنٹریکٹ میں آٹھ کرکٹرز کو ترقی جبکہ تین، طوبیٰ، گل فیروزہ اور صدف شمس کو پہلی مرتبہ کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، سیزن 2021-22 میں عمدہ کارکردگی کی بدولت سدرہ امین، غلام فاطمہ اور ارم جاوید کو دوبارہ سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے، مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ویمن آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے والی اکیس سالہ طوبیٰ حسن کو سنٹرل کنٹریکٹ کو ڈی کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے پی سی بی کی جانب سے ویمن کرکٹرز کے اعلان کردہ سنٹرل کنٹریکٹ کے مطابق کیٹیگری اے میں بسمہ معروف، ندا ڈار اور عالیہ ریاض، کیٹیگری بی میں انعم امین ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، نشرہ سندھو اور عمیمہ سہیل، کیٹیگری سی میں عائشہ نسیم، منبیہ علی، جویریہ خان، سدرہ امین اور سدرہ نواز جبکہ کیٹیگری ڈی میں غلام فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال، صدف شمس اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔
چیئرآف ویمنز سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ آٹھ کھلاڑیو کا ترقی اور تین کا پہلی مرتبہ سنٹرل کنٹریکٹ پانا درحقیقت پاکستان خواتین کرکٹ کے درست سمت میں آگے بڑھنے کی نشاندہی کرتا ہے تاہم انہیں اب بھی بہت محنت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ سیزن 2022-23 میں جتنی زیادہ کرکٹ کھیلنے کو مل رہی ہے وہ پرامید ہیں کہ اس سیزن کے اختتام پر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ایک مزید بہتر سائیڈ بن کر سامنے آئیگی، انہوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ نہ صرف کھلاڑیوں کی گزشتہ سیزن میں عمدہ کارکردگی کا صلہ ہوتا ہے بلکہ یہ انہیں آئندہ سیزن میں مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی ترغیب دیتا ہے، اسماویہ اقبال نے کہا کہ وہ گزشتہ سیزن میں بھرپور عزم اور لگن کا مظاہرہ کرنے پر تمام کھلاڑیوں کی مشکور ہیں وہ امید کرتی ہیں کہ یہ تمام کرکٹرز آئندہ سیزن کے دوران کامن ویلتھ گیمز، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرینگی۔
طوبیٰ حسن کا کہنا ہے کہ وہ سنٹرل کنٹریکٹ ملنے پر خوش ہیں بالآخر انہیں محنت کا صلہ مل گیا ہے ان کی تمام تر توجہ میدان میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے پر مرکوز رہے گی وہ اب زیادہ محنت کرینگی۔طوبیٰ حسن کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس سفر میں بھرپور ساتھ دینے پر اپنی تمام سینئر کھلاڑیوں، دوستوں، اہلخانہ اور سپورٹ سٹاف کی مشکور ہیں، ان کا واحد مقصد پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے، انہیں یقین ہے کہ وہ خود سے جڑی تمام توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرینگی۔