گال ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنالیے۔تفصیلات کے مطابق گال ٹیسٹ میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم 222 رنز پر ڈھیر ہوگئی، دنیش چندی مل 75 اور مہیش 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنالیے، اظہر علی 3 اور بابر اعظم ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں اور قومی ٹیم کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 198 رنز درکار ہیں۔
عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر جے سوریا کا نشانہ بنے، امام الحق 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے پرابھات جے سوریا اور کسون رجیتھا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل شاہین آفریدی کی عمدہ لائن و لینتھ، حسن علی کی گھومتی گیندیں اور یاسر شاہ کی اسپن جادوگری کے سامنے سری لنکا بے بس نظر آئی اور گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مل نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اوشادا فرنینڈو نے 35 رنز بنائے، کوشا ل مینڈس 21 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار بیٹھے، اس کے علاوہ کوئی بھی آئی لینڈرز بیٹر پاکستان کی مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹہر سکا۔
سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے 1، اینجلو میتھیوز صفر، دھننجایا ڈی سلوا 14 اور نروشن ڈکویلا 4، رمیش مینڈس 11 اور پربت جے سوریا 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مہیش تھیکشنا تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ،یاسر شاہ اور حسن علی نے دو، دو جبکہ محمد نواز اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل سری لنکا نے گال ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔