پشاور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس ڈائریکٹوریٹ، محکمہ آرکیالوجی اور لائزان کارپوریشن کے تعاون سے پشاور میں صحافیوں کے لئے کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ سج گیا۔ قیوم سپورٹس کمپلیکس میں صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش نے شاٹ لگا کر افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ کھیل کود اور مثبت سرگرمیاں ہمیں صبر و برداشت کے ساتھ ساتھ ہار اور جیت کے لئے فائٹ کرنا سکھاتی ہیں۔ صوبائی وزیر کامران بنگش کا کہنا تھا کہ کھیل وسیاحت اور بہتر طرز حکمرانی کے لئے خیبر پختونخوا دنیا بھر میں مشہور ہے۔ پشاور پریس کلب کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کے لئے کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ قیوم سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہو گیا۔
افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور اعلیٰ تعلیم کے وزیر کامران بنگش تھے۔ دونوں مہمانوں کو ایم سی ایل کی اعزازی کٹس دی گئیں اور ٹیموں کے ساتھ تعارف بھی کروایا گیا۔ بعدازاں دونوں وزراء نے پچ پر شاٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں جو دوسروں کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتے ہیں لیکن اپنے لئے وقت نہیں نکال پاتے انہوں نے پشاور پریس کلب کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کے لئے ایسی مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہا اور ان کے زیادہ سے زیادہ انعقاد پر زور دیا۔
قبل ازیں پی پی سی فالکنز اور پی پی سی گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے اولین میچ میں گلیڈی ایٹرز نے ایک آسان مقابلے کے بعد میچ جیت لیا۔ پی پی سی فالکنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 8 اوورز میں 46 رنز بنائے جواب میں پی پی سی گلیڈی ایٹرز نے بغیر کسی نقصان کے چوتھے اوور میں ہدف پورا کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ ارسلان ٹکر کو شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں پی پی سی گرین اور پی پی سی زلمی کے درمیان مقابلہ ہوا۔ یہ بھی یکطرفہ میچ ثابت ہوا اور پی پی سی زلمی نے دس وکٹوں سے میچ اپنے نام کر لیا۔
پی پی سی گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 45 رنز بنائے جس میں رحمان اللہ ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر نمایاں بلے باز رہے۔ جواب میں پی پی سی زلمی کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر ہدف پورا کر کے میچ جیت لیا۔ عصمت شاہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔