پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل باسکٹ بال چیمپئین شپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ، چیمپئین شپ 25جنوری سے اسلام آباد میں کھیلی جائے گی ۔ چیمپیئن شپ کے آرگنائزنگ سیکرٹری اورپاکستان باسکٹ بال ایسوسی ایٹ سیکرٹری اوج ظہور کے مطابق لیاقت جمنازیم پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جانیوالی پانچ روزہ چیمپین شپ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پول رانڈ کے تحت کھیلے جانیوالے ایونٹ میں شریک سات ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
پول اے میں دفاعی چیمپئین پاکستان آرمی ، پی او ایف، ریلوے ، نیوی جبکہ پول بی میں پاکستان ائیر فورس، واپڈا اور پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ اوج ظہور نے بتایا کہ چیمپین شپ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئین پاکستان آرمی اور نیوی کے درمیان کھیلا جائیگا ، پہلے روز 25 جنوری کو پی او ایف اور ریلوے جبکہ واپڈا اور پولیس کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی ۔ 26جنوری کو آرمی اور ریلوے، ائیر فورس اور پولیس، پی او ایف اور نیوی ، 27جنوری کو آرمی اور پی او ایف ، ائیر فورس اور واپڈا ، ریلوے اور نیوی کی ٹیموں کے مابین پول میچز کھیلیں جائینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیمپئین شپ کے سیمی فائنل مقابلے 28جنوری جبکہ فانل 29جنوری کو کھیلا جائے گا۔