انتظار کیجئے، نماز پڑھ آوں
ان "صوفی صاحب” کو جانتے ہیں؟ فیفا ورلڈ کپ کے میچز دیکھے ہوں تو لازماً ان پر نظر پڑی ہوگی۔ جرمن قوم ٹیم کے اسٹار کھلاڑی انٹونیو روڈیگر (Antonio Rüdiger) ہیں۔ جو یورپین چیمپئن ہسپانوی کلب ریال
میڈرڈ میں Defender یعنی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
کل اسپینش جریدے مارکا (MARCA) میں ان کا انٹرویو تھا۔ اس دوران نماز کا وقت ہوگیا تو انٹونیو نے صحافی سے کہا کہ آپ ذرا انتظار کیجئے، میں نماز پڑھ کر آتا ہوں۔ جس آج میڈیا میں سرخیاں جمی ہیں: He left a newspaper interview to pray. (نماز کیلئے انٹرویو چھوڑ
دیا) صحافی حیران ہوکر پوچھنے لگا کہ آپ آج کل روزے بھی رکھتے ہوں گے؟ جی، روزہ کبھی نہیں چھوڑتا، نماز کا بھی اہتمام کرتا ہوں، بلکہ میچوں کے دوران بھی میں فرائض پر عمل کرتا ہوں، یہ کوئی مشکل نہیں۔ رمضان المبارک میں تلاوت قرآن کا بھی معمول ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے روزے
سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ اگرچہ صبح سے شام تک کھائے پیئے بغیر رہنا اور پھر کھیلنا آسان تو نہیں، لیکن جذبہ ہونا چاہئے، اس لئے مجھے کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔ البتہ رمضان کے دوران میں ریال میڈرڈ کی طبی ٹیم کی مسلسل نگرانی میں ہوتا ہوں، تاکہ غذائی نظام بہتر رہے۔ انٹرویو کے دوران انٹونیو صاحب
روزے سے تھے، اس لئے مارکا کے صحافیوں نے بھی ان کے روزے کے احترام میں اپنے سامنے سے پانی کی بوتلیں ہٹا دیں۔ مارکا کے مطابق ہماری موجودگی میں انٹونیو نے عصر کی نماز ادا کی۔ ان کیلئے ریال میڈرڈ نے ایک کمرا مختص کر رکھا ہے، جس میں مصلیٰ بچھا ہوا ہے۔ آج بروز بدھ ریال میڈرڈ اور چیلسیا کا
میچ ہے، جو انٹونیو روزہ رکھ کر کھیلیں گے۔ یہ میچ ان کیلئے اس لئے بھی اہم ہے کہ وہ پہلے چیلسیا کا حصہ رہے ہیں۔ چیلسیا نے انہیں 27 ملین پائونڈ میں خریدا تھا۔ جبکہ ریال میڈرڈ انہیں 35 ملین پائونڈ میں
حاصل کیا۔ اس معاہدے کے بعد یہ یورپ کے مہنگا ترین ڈیفنڈرز بن گئے۔ کلب کی جانب سے انہیں ہر ہفتے
4 لاکھ ڈالر یا 3 لاکھ 42 ہزار پائونڈ تنخواہ ملتی ہے۔ واضح رہے کہ انٹونیو 1993 میں جرمنی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ماٹیاس جرمن اور والدہ سیرالیون سے ہیں۔ انٹونیو نے کچھ عرصہ قبل برلن میں اسلام قبول کیا تھا۔ (ضیاء چترالی)