سندھ کےچیف ڈی مشن ڈاکٹر فرحان کی کوئٹہ میں سکیورٹی افسران سے ملاقات
سندھ کی ٹیموں کے منیجرز سے بھی ملاقات،کھیل اور میڈلز کے حصول پر توجہ دینے کی ہدایات
کراچی:کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز کے لئے سندھ کے دستہ کے چیف ڈی مشن ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے میڈیاایڈوائیزرأصف عظیم اورسندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمدعلی راجپوت کے ہمراہ ڈی آئی جی کوئٹہ سمیت مختلف فورسز کے سکیورٹی افسران اور ذمہ داروں سے ملاقات کی،
ڈی آئی جی کوئٹہ کیپٹن (ر)غلام اظفر مہیسرسے ملاقات میں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے نیشنل گیمز کے حوالے سے کئے گئے سکیورٹی اقدامات کی تعریف کی اور نیشنل گیمز میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فرض شناسی کو سراہا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ 19سال بعد کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں
امید ہے کہ نیشنل گیمز کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچیں گے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے کوئٹہ میں موجود سندھ کی فٹبال،سافٹ بال،بیس بال،رگبی،بیڈ منٹن،فینسنگ،ہاکی،جمناسٹک،کبڈی،والی بال اور دیگر ٹیموں کے منیجرز سے بھی ملاقات کی،
جس میں سندھ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے سہولیات،قیام گاہوں اور دیگر امور کا جائزلینے کے ساتھ ساتھ مزید بہتری کے لئے تجاویز بھی لی گئیں،ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے منیجرز کو ہدایات دیں
کہ سندھ کی ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز متعلقہ حکام کو پیشگی اطلاع دئیے بغیر غیر ضروری نقل و حرکت نہ کریں اور یہ کہ ان کی تمام تر توجہ اپنے کھیل اور نیشنل گیمز میں عمدہ نتائج اور میڈلز کے حصول پر مرکوز ہونی چاہئے۔