ایشیا کپ 2023 کب اور کہاں کھیلا جائے گا اس سے متعلق فیصلہ تاحال نہ ہو سکا، پی سی بی ہائبریڈ ماڈل سے متعلق جواب کا منتظر ہے۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور سری لنکا کرکٹ کی حمایت حاصل ہے۔ یو اے ای کے گرم موسم اور لوجسٹکس سے متعلق جو تحفظات تھے وہ نئے ہائبرڈ ماڈل میں دور کیے جاچکے ہیں۔
اے سی سی ہائبرڈ ماڈل تسلیم کرلے تو پاکستان کے علاوہ دوسری وینیو کا انتخاب باہمی مشاورت سے کرینگے۔ پی سی بی نے دوسری نیوٹرل وینیو کے طور پر سری لنکا، بنگلہ دیش اور انگلینڈ میں فائنل سمیت بقیہ نو میچز کرانے کی پیش کررکھی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشئن کرکٹ کونسل کا اجلاس صدر اے سی سی جے شاہ نے بلانے جس کے بارے میں ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔
پی سی بی چاہتا ہے کہ ایشیا کپ سے متعلق حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے۔ ایشیا کپ دو ہزار تئیس کے لیے یکم سے سترہ ستمبر تک کی ونڈو پہلے سے فائنل ہے۔ تاریخوں میں ردوبدل کا اختیار بھی اے سی سی کے پاس ہے۔
پی سی بی نے اے سی سی کو پہلے چار میچ پاکستان جبکہ فائنل سمیت بقیہ میچز کسی بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے متعلق ہائبرڈ ماڈل پیش کررکھا ہے۔
اس معاملے پر چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی مختلف غیرملکی میڈیا کو انٹرویوز بھی دے چکے ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگر پی سی بی کا ہائبرڈ ماڈل تسلیم نہ ہوا تو ممکن ہے کہ وفاقی حکومت قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ورلڈکپ کھیلنے کی اجازت نہ دے۔