اولمپیا اسٹیڈیم برلن میں 16 ویں اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمزکاافتتاح ایک رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا
افتتاحی تقریب میں گیمز میں شامل تمام ممالک کے کھلاڑیوں نے ایتھلیٹ پریڈ میں شرکت کی قومی اسکواڈ اولمپیا اسٹیڈیم پہنچا تو اسٹیڈیم میں موجود
ہزاروں شائقین نے پاکستانی دستے کا فقیدالمثال استقبال کرتے ہوئے بھرپور تالیاں بجا کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اس موقعہ پراولمپیا اسٹیڈیم پاکستان زندہ بادکے فلگ شگاف نعروں سے گونج اٹھا پاکستان کے مرد کھلاڑیوں ثقافتی لباس شلوارقمیض اور واسکٹ جبکہ خواتین ایتھلیٹس اور آفیشلزنے مختلف رنگوں کے غرارے زیب تن کئے جس کے باعث تقریب میں وہ خصوصی توجہ کامرکزرہیں
تقریب میں شریک تمام ممالک کے اسپیشل ایتھلیٹس افتتاحی تقریب کے حوالے سے بہت پرجوش نظرآئے انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنائیں ورلڈ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ ثناء کو افتتاحی تقریب کی مشعل بردار کھلاڑیوں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا انہوں نے مشعل کے ساتھ گراؤنڈ کا چکر لگایا
ثناء نے اسے پاکستان اور اپنے لئے بہت بڑا اعزاز قرار دیا اس موقع پر اسپیشل اولمپک کے پرچم کو لہراتے ہوئے ورلڈ گیمز کے باقاعدہ آغاز کااعلان کیا گیا
تقریب میں اسپیشل اولمپک کے صدر ٹموتھی شریور، جرمنی کے صدر فرینک والٹرز،پاکستانی دستے کی ہیڈآف ڈیلیگیشن رونق لاکھانی،اسپیشل اولمپک پاکستان کی ایمبیسڈر ثروت گیلانی اورایڈوائیزر یاسمین حیدر نے بھی شرکت کی
اس موقع پر فنکاروں کی لائیوپرفارمنس اور لیزر لائٹ شو نے اسٹیڈیم میں سماں باندھ دیا جسے دیکھ کر اسپیشل بچوں کی خوشی دیدنی تھی کارٹوں کیریکٹرز بچوں کو خوش آمدید کہتے رہے تقریب کے آخر میں کی گئی آتش بازی نے اسٹیڈیم میں رنگ و نور کی بارش کردی