پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی گرانٹ کو کھلاڑیوں کے مابین تقسیم کیے جانے کی تقریب پی ایچ ایف ہیڈ کواٹرز لاہور میں منعقد ہوئی،
تقریب کی صدارت صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے کی۔ انکے ہمراہ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین، مینجر پاکستان ہاکی ٹیم کرنل ر عمر صابر، کنسلٹنٹ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپین شہناز شیخ، ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین شکیل عباسی، کوچز پاکستان ہاکی ٹیم اولمپین ریحان بٹ، اولمپین محمد ثقلین، اولمپین دلاور حسین، عبدالغفور انٹربنیشنل، امجد علی انٹرنینشل ، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹینٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن و ایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف میجر ر جاوید ارشد منج سمیت پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف نے شرکت کی۔
صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے کھلاڑیوں کے مابین ڈیلی الاونسز تقسیم کئے اور اس موقع پر انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ، وزارت بین الصوبائی رابطہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر ایشیا کپ میں سلور میڈل لانے والی پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ اور سپورٹس منسٹری کے تعاون پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ اولمپین شہناز شیخ میرے دیرینہ ساتھیوں میں سے ہیں اور انہوں نے دنیائے ہاکی میں اپنے کھیل کا لوہا منوایا۔ قوی امید رکھتا ہوں کہ انکی بطور کنسلٹنٹ تعیناتی سے پاکستان ہاکی ٹیم کو فائدہ حاصل ہوگا۔
کنسلٹنٹ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپین شہناز شیخ نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشین چیمپینز ٹرافی ایونٹ اہمیت کا حامل ہے۔ کھلاڑیوں کو مثبت سوچ جوش اور ہوش کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کے لئے مقابلہ کی فضا یکساں ہے۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی بھرپور کاوش ہے کہ کھلاڑیوں کے واجبات سمیت دیگر مسائل کا بروقت حل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں تمام واجبات کی ادائیگیاں کی جارہی ہیں جوکہ کھلاڑیوں کی ایشین چیمپینز ٹرافی کے کئے روانگی سے قبل ہر صورت یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔