چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات
لاہور، 11 دسمبر 2023:ء
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے پیر کےروز اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم کاکڑ نے ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں سراہا۔ انہوں نے ملک بھر میں بالخصوص دور دراز علاقوں میں کرکٹ کی رسائی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم کاکڑ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ پاکستان سپر لیگ کے میچز اور عام انتخابات کا دن ایک دوسرے سے متصادم نہ ہوسکیں۔
اس ضمن میں ووٹنگ والے دن کے ممکنہ ٹکراؤ سے بچنے کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں کا شیڈول ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم کاکڑ نےدوسرے کرکٹ بورڈز کے ساتھ روابط کو بہتر بنانے کی کوششوں پر پی سی بی کی تعریف کی۔انہوں نے خاص طور پر کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے تعلقات مضبوط کرنے کی اہمیت کا ذکر کیا۔
وزیراعظم کاکڑ نے پی سی بی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مربوط انداز میں کام کرے۔
وزیر اعظم کاکڑ نے پی سی بی کی جانب سے ملک میں ہر سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔