پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہو گیا۔
میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنا لیے ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا میں تیز ترین بیٹنگ کا نیا ریکارڈ بنا لیا.
پاکستان نے پہلی اننگز میں 77.1اوورز میں 313رنز بنائے، پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف پہلی اننگز میں رن ریٹ 4.05رہا،شاہینوں کی جانب سے سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محمد رضوان نے 103گیندوں پر 88، عامر جمال نے 97گیندوں پر 82اور سلمان علی آغا نے 67گیندوں پر 53رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی پہلی بار آسٹریلیا میں بیٹنگ اوسط 4رنز فی اوور سے زائد رہی، 2019کے برسبین ٹیسٹ میں پاکستان کا رن ریٹ 3.97رہا تھا.
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
پاکستانی سکواڈ
قومی ٹیم میں سڈنی ٹیسٹ میچ کیلئے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق اور شاہین آفریدی کو آرام دے کر ان کی جگہ صائم ایوب اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، کپتان شان مسعود، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا ، عامر جمال، میر حمزہ اور حسن علی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
آسٹریلین سکواڈ
پاکستان کیخلاف سڈنی ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، ایلکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے۔