پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا بابر کی فارم خراب ہے،
بابراعظم نے بے شمار رنز کر رکھے ہیں جن کی میں گنتی بھی نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کےمطابق اپنے ایک بیان میں شاہین آفریدی کا بابراعظم کی پرفارمنس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ایک یا دو اننگز سے کوئی فرق نہیں پڑتا، بابراعظم ہمارے بہترین بلےبازوں میں سے ایک ہیں، ہر کھلاڑی پر ایسا ٹائم آتا لیکن دوسرے کھلاڑی بابراعظم کو سپورٹ کررہے ہیں۔
قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ پاکستان ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں۔
آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ بحیثیت ٹیم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بہت اچھا کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں، ورلڈ کپ سے پہلے 17 میچز ہیں جن میں غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ فرحان، عامر جمال اور اعظم خان کا کم بیک ہوا ہے، بابر اور رضوان بہترین اوپننگ جوڑی ہے، ورلڈ کپ سے پہلے کمبی نیشن بنانے کیلئے بیٹنگ آرڈر پر تجربہ کریں گے۔
قومی ٹی 20 کپتان کا کہنا تھا کہ میں بالکل فٹ ہوں، ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ سے ہی اولین ترجیح رہی ہے، انجری نہ ہو اس لئے ٹیم مینجمنٹ نے ریسٹ کروایا، ٹیم کامیاب ہوتی ہے تو سب ساتھ ہوتے ہیں شکست میں بھی سپورٹ کرنی چاہیے۔
شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ بابر اعظم کی فارم خراب نہیں وہ بہترین کرکٹر ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں ہر گیند 140 پلس نہیں کر سکتے، جسم ہے کوئی مشین نہیں وقت دینا پڑتا ہے، کوشش کر رہا ہوں کہ خود کو مزید فٹ کروں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں باولنگ رفتار کم ہونے کے سوال کا مزاحیہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ میچ کے دوران اپنی باولنگ اسپیڈ دیکھ کر خود حیران تھے ہر ڈیلیوری پر 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کیوں لکھا آرہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ کینگروز کے خلاف ابتدائی2 ٹیسٹ میچز میں زیادہ اوورز کروانے کی وجہ سے تھکاوٹ کا شکار تھا جسکی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ نے آرام کروایا۔