ماہ نور آفتاب سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے لیے پر امید
کاکس بازار 24 جنوری، 2024:ء
میزبان بنگلہ دیش ویمز انڈر 19، پاکستان ویمنز انڈر 19 اور سری لنکا ویمز انڈر 19 کی ٹیمیوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز کا آغاز آج سے بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں ہو گیا ہے۔
سہ فریقی سیریز میں چھ میچز ڈبل راؤنڈ فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد ٹاپ کی دو ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
تمام میچز 24 جنوری سے 2 فروری تک شیخ کمال انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ کل سری لنکا کی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے ہوگا۔
ماہنور آفتاب جو سہ فریقی سیریز میں پاکستان کی قیادت کررہی ہیں ان چھ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو 2023 میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز T20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ویمنز انڈر 19 اسکواڈ کا حصہ تھیں۔
انوشہ ناصر، ایمن فاطمہ، لیلیٰ ناصر، ردا اسلم اور زیب النساء اس سے قبل گزشتہ سال انڈر 19 میگا ایونٹ میں بھی پاکستان ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 کی کپتان ماہنور آفتاب کا کہناتھا کہ "یہ ہمارے لیے اپنی نوعیت کی پہلی سہ فریقی سیریز ہے۔ اس طرح کے ٹورنامنٹ ہمیں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے اور سینئر ٹیم میں جگہ بنانے میں مدد کرتے ہیں۔
مجھے یقین ہے کہ اگر ہم میدان میں اپنا 100 فیصد دیتے ہیں تو نتائج ہمارے حق میں آئیں گے۔
ہم بنگلہ دیش میں ٹریننگ کر رہے ہیں یہاں کی کنڈیشنز کراچی سے بہت ملتی جلتی ہیں امید ہے ہماری ٹیم سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔