وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے
جدہ: (ویب دیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔
آئی پی ایل سیزن 2025 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی 2 روزہ تقریب گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں شروع ہوئی جس میں فرنچائزز نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بہترین کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے میں خریدا۔
اتوار کو پہلے پنجاب کنگز نے بھارتی کرکٹر شریاس ائیر کو 26 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا جس کے بعد شریاس آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بنے لیکن یہ ریکارڈ کچھ لمحوں بعد ہی ٹوٹ گیا جب لکھنؤ سپر جائنٹس نے بھارتی کرکٹر رشبھ پنت پر آئی پی آیل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی لگائی۔
لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنٹ کو 27 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا، جس کے بعد پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی کا اعزاز آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل سٹارک کے پاس تھا، جنہیں گزشتہ سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔
اس کے علاوہ آئی پی ایل 2025 کے تیسرے مہنگے ترین کھلاڑی بھارتی کرکٹر ونکٹیش ائیر رہے جنہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 23 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
علاوہ ازیں بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ اور سپنر چہل کو 18، 18 کروڑ بھارتی روپے میں پنجاب کنگز نے خریدا، یاد رہے کہ آئی پی ایل 2025 اس ٹورنامنٹ کا 18 واں ایڈیشن ہوگا جو اگلے سال مارچ سے مئی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب دنیائے کرکٹ کے کچھ ایسے بڑے نام بھی ہیں
جنہیں آئی پی ایل 2025 کے لیے کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
ان میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی، اففانستان کے مجیب الرحمان، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور گلین فلپس کو کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
اس کے علاوہ بھارت کے اجنکیا راہانے، پرتھوی شاہ، ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ، آسٹریلیا کے وکٹ کیپر ایلکس کیری، انگلینڈ کے تجربہ کار اسپنر عادل رشید، معین علی ، جونی بیئر اسٹو، زمبابوے کے سکند رضا کو بھی کسی فرنچائز نے خریدنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔
آئی پی ایل 2025 اس ٹورنامنٹ کا 18 واں ایڈیشن ہوگا جو اگلے سال مارچ سے مئی کے درمیان کھیلا جائے گا۔