دوسری چیف آف آرمی سٹاف انٹرکلب نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 20 دسمبر سے شروع ہوگی۔
قومی سطح پر فائنل مرحلہ 3 سے 15 فروری تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری رانا مجاہد نے اولمپئینز آصف باجوہ، طاہر زمان،
محمد عثمان اور انجم سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 800 رجسٹرڈ ہاکی کلبز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
چیمپئن شپ کے مقابلے چار مراحل میں ہوں گے ۔ پہلے مرحلے میں 20 دسمبر سے پانچ جنوری 2025 تک ڈسٹرکٹ سطح پر کلبز کے درمیان مقابلے ہوں گے ۔ دوسرے مرحلے میں 8 سے 13 جنوری تک ڈویژن اور ریجنل سطح کے مقابلے ہوں گے
جبکہ تیسرے مرحلے میں 15 سے 22 جنوری تک صوبائی سطح کے مقابلے ہونگے ، صوبائی سطح کے مقابلوں کے اختتام پر 10 ٹیمیں قومی سطح کے مقابلوں میں کوالیفائی کریں گی۔
چوتھے مرحلے میں قومی سطح کے مقابلے 3 سے 15 فروری تک ہونگے ۔ رانا مجاہد نے ایونٹ منعقد کروانے پر چیف آف سٹاف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ قومی کھیل ہاکی کے دوبارہ فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔