چیمپئنز ٹرافی کیلئے صائم ایوب کا مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے ; محسن نقوی
میں خود صائم کی انجری کو مانیٹر کر رہا ہوں،
چیمپئنز ٹرافی کیلئے صائم ایوب کا مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے: محسن نقوی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایک چیمپئنز ٹرافی کیلئے صائم ایوب کا پورا کیریئر داؤ پر نہیں لگا سکتے۔
ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ میں روزانہ کی بنیاد پر صائم ایوب سے رابطہ کرتا ہوں، میں خود صائم کی انجری کو مانیٹر کر رہا ہوں، ایک دو روز میں صائم ایوب کا پلاستر اتر جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پلاستر اترنے کے بعد وہ ریکوری کے فیز میں داخل ہوگا، اس کے بعد ری ہیب کریں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں، امید ہے جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب 6 ہفتے تک کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں جس کے باعث وہ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قاصر رہے تھے جبکہ انہیں ڈاکٹر نے ابتدائی تشخیص میں صائم ایوب کو 6 ہفتے کا آرام تجویز کیا تھا۔
صائم ایوب کو یہ فریکچر جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے اپنی فہرست تیار کرلی ہے تاہم ٹیم کا اعلان صائم ایوب کی مکمل رپورٹس کا جائزہ لینے اور ڈاکٹر کی مشاورت سے ہوگا، جس کے بعد ناموں کو حتمی منظوری کیلئے بورڈ سربراہ محسن نقوی کے حوالے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے 11 فروری تک حتمی سکواڈ کا اعلان لازمی ہے۔