پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : ایس این جی پی ایل نے ایشال ایسوسی ایٹس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : ایس این جی پی ایل نے ایشال ایسوسی ایٹس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
اوجی ڈی سی ایل نے ہائر ایجوکیشن کو 110 رنز سے شکست دیدی۔
کے آر ایل کے اویس ظفر اور عمران رفیق کی سنچریاں اور ڈبل سنچری پارٹنرشپ۔
کراچی ۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے نویں اور آخری راؤنڈ کے آخری دن ایس این جی پی ایل نے ایشال ایسوسی ایٹس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
اوجی ڈی سی ایل نے ہائر ایجوکیشن کو110 رنز سے شکست دیدی۔اسٹیٹ بینک اور کے آر ایل کے میچ کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کا پانچ روزہ فائنل پی ٹی وی اور اسٹیٹ بینک کے درمیان 4 مارچ سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل کو ایشال ایسوسی ایٹس کے خلاف جیتنے کے لیے 108 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔عابدعلی جنہوں نے پہلی اننگز میں ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کی تھی 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 306 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
دانش عزیز نے 92 رنز اسکور کیے۔محمد حارث نے 55 رنز بنائے۔
شاہنواز دھانی ، محمد سلمان اور محمد علی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کو اوجی ڈی سی ایل کے خلاف جیتنے کے لیے395 رنز کا ہدف ملا تھا اس نے اپنی دوسری اننگز 50 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی اور پوری ٹیم284 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
علی تاج 58 علی حمزہ 60 اور محمد محسن خان 53 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
مشتاق کلہوڑو نے88 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔اسطرح انہوں نے میچ میں9 وکٹیں حاصل کیں۔
کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کے آر ایل کو اسٹیٹ بینک کے خلاف جیتنے کے لیے 538 رنز کا ہدف ملا تھا ۔ آج اس نے اپنی دوسری اننگز 100 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور 3 وکٹوں کے نقصان پر 384 رنز اسکور کیے۔
اویس ظفر نے 9 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ عمران رفیق نے 100 رنز اسکور کیے جس میں11 چوکے اور3 چھکے شامل تھےوہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 222 رنز کا اضافہ کیا۔
عبدالفصیح 77 اور روحیل نذیر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔