آئی ایل ٹی20 سیزن 5: چھ فرنچائزز نے وائلڈ کارڈ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا، بڑے کھلاڑیوں کی واپسی
آئی ایل ٹی20 سیزن 5: چھ فرنچائزز نے وائلڈ کارڈ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا، بڑے کھلاڑیوں کی واپسی
دبئی: ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی20) کے 6 فرنچائزز نے سیزن 5 کے لیے اپنے وائلڈ کارڈ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا، جس کے بعد لیگ کی ٹیمیں مزید مضبوط ہو گئی ہیں۔ وائلڈ کارڈ کے ذریعے دنیا کے نامور ٹی 20 کرکٹرز کو مختلف ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل، ڈیزرٹ وائپرز نے انگلینڈ کے ٹام کرن، دبئی کیپیٹلز نے سیم بلنگز، گلف جائنٹس نے ویسٹ انڈیز کے اسپنر عقيل حسین، ایم آئی ایمریٹس نے کیرون پولارڈ جبکہ شارجہ واریئرز نے نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر ٹم سیفرٹ کو وائلڈ کارڈ کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
آندرے رسل ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 میں اب تک صرف ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور لیگ میں 38 میچز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے سیزن 4 میں ڈیزرٹ وائپرز کے خلاف اپنا 500واں ٹی 20 وکٹ حاصل کرکے تاریخ رقم کی تھی۔
وہ ٹی 20 کرکٹ میں 5 ہزار رنز، 500 وکٹیں اور 500 چھکے مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔انگلینڈ کے آل راؤنڈر ٹام کرن ڈیزرٹ وائپرز کے لیے پہلے بھی کھیل چکے ہیں اور لیگ کے افتتاحی سیزن میں ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وہ گلف جائنٹس کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں اور لیگ میں 16 میچز کے دوران 307 رنز اور 14 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔سیم بلنگز دبئی کیپیٹلز کو سیزن 3 میں پہلی مرتبہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کا چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
وہ اس سیزن میں ایک مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت کریں گے،ویسٹ انڈیز کے بائیں ہاتھ کے اسپنر عقيل حسین اب گلف جائنٹس کے بولنگ اٹیک کو مضبوط بنائیں گے۔
وہ آئی ایل ٹی 20 میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز اور ایم آئی ایمریٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 29 میچز میں 21 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ ان کی بہترین بولنگ 23 رنز کے عوض 4 وکٹیں ہے۔
کیرون پولارڈ ایم آئی ایمریٹس کی قیادت کرتے ہوئے ٹیم کو سیزن 4 کے فائنل تک پہنچا چکے ہیں، جبکہ سیزن 2 میں ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
وہ لیگ میں 35 میچز کے دوران 855 رنز بنا چکے ہیں اور آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں آٹھویں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر ٹم سیفرٹ بھی شارجہ واریئرز میں دوبارہ شامل ہو گئے ہیں۔
انہوں نے سیزن 3 میں ٹیم کو پہلی مرتبہ پلے آف مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایم آئی ایمریٹس کے خلاف ایلیمینیٹر میچ میں انہوں نے صرف 20 گیندوں پر 40 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 کا افتتاحی میچ 21 نومبر بروز ہفتہ دبئی میں ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے ساتھ لیگ کے نئے سیزن کا آغاز ہوگا۔