کرکٹ

پاکستان ویمنز کی زبردست واپسی، زمبابوے کو 51 رنز سے آؤٹ کلاس کر دیا - سپر سکس میں جگہ پکی

آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے زمبابوے کو 51 رنز سے شکست دے دی، سپر سکس میں پہنچ گیا

عجمان (سپورٹس لنک رپورٹر) آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں پاکستان ویمنز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے زمبابوے کو 51 رنز سے شکست دے کر سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

سیون ڈسٹرکٹس اسپورٹس کلب عجمان میں کھیلے گئے گروپ بی کے 14ویں میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔

کپتان منیبہ علی نے 49 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو مشکل سے نکالا، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 

عائشہ ظفر نے 27 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ شوال ذوالفقار اور ایمن فاطمہ نے 16، 16 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی منظم باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 99 رنز بنا سکی۔ چپو موگیری 31 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے ناشرہ سندھو نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، مومنہ ریاض نے 2 وکٹیں لیں۔

یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں 4 میچز میں تیسری کامیابی ہے۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان گروپ بی میں 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ کر سپر سکس میں پہنچ گیا ہے، 

جبکہ نیدرلینڈز بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 24 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Related Articles


Back to top button