آئی ٹی ایف جے 30 ٹینس چیمپئن شپ: ایچی سن کالج کے امیر مزاری کی دھوم، چینی اسٹار کو آؤٹ کلاس کر دیا
آئی ٹی ایف جے 30 ٹینس چیمپئن شپ: امیر مزاری کا چین کے ہاؤسوان ژو کو شاندار اپ سیٹ
لاہور: آئی ٹی ایف جے 30 لاہور علی ایمبرائڈری ملز انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026 کے ایچی سن کالج میں ہونے والے سنسنی خیز کوارٹر فائنل مقابلوں کے دوران، ایچی سن کالج کے امیر مزاری نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چین کے ہاؤسوان ژو کو اپ سیٹ شکست دے دی۔
بدھ کو کھیلے گئے بوائز انڈر 18 سنگلز کے کوارٹر فائنل میں امیر نے ژو کو 7-5 اور 7-5 سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
اسی طرح حسن عثمانی نے چین کے اولون ما کو 6-1 اور 6-1 کے واضح مارجن سے شکست دی، جبکہ احتشام ہمایوں نے زوہیب افضل ملک کو 7-5 اور 7-5 سے ہرا دیا۔
ابوبکر طلحہ نے عمر جواد کو 6-2 اور 6-4 سے آؤٹ کر کے سنگلز کے سیمی فائنل لائن اپ کو مکمل کر دیا۔
بوائز انڈر 18 ڈبلز کے کوارٹر فائنل بھی انتہائی سخت اور سنسنی خیز رہے۔ زوہیب افضل ملک اور باسط کی جوڑی نے یحییٰ اور نبیل کو 7-6(4)، 3-6 اور 12-10 سے زیر کیا۔
حذیف عاصم اور حسن عثمانی نے چین کے اولون ما اور ہاؤسوان ژو کو 6-3 اور 7-5 سے شکست دی۔
حمزہ رومان اور ابوبکر طلحہ نے عمر اور حمزہ کے خلاف 6-1 اور 6-1 سے آسان فتح حاصل کی، جبکہ احتشام ہمایوں اور امیر مزاری نے راشد اور شایان کو 6-2 اور 6-2 سے ہرا دیا۔
گرلز انڈر 18 سنگلز میں، ہاجرہ سہیل نے یانا کو 6-4 اور 6-4 سے ہرایا، جبکہ چین کی دایشی ہو نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے ایویلینا زیپا کو 3-6، 6-4 اور 6-4 سے شکست دی۔
گرلز ڈبلز کے کوارٹر فائنلز میں ایویلینا زیپا اور واروارا روبٹسووا نے پولینا اور سٹیفنیلا کو 6-3 اور 7-5 سے شکست دی۔ دایشی ہو اور بسمہ ضیاء نے بھی یانا اور خدیجہ کو 6-2 اور 7-5 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔