کرکٹ

اسامہ شرون نیازی کا بڑا اعلان، قائداعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی 20 کراچی میں ہوں گے

قائداعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی 20 کے میچز کراچی میں منعقد کیے جائیں گے، اسامہ شرون نیازی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شرون نیازی نے کہا ہے کہ قائداعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی 20 کے میچز کراچی میں منعقد کیے جائیں گے،

جبکہ کراچی میں ڈومیسٹک کرکٹ کے دیگر ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی کے بغیر منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے سی سی اے اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی (آر سی اے کے) کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر کراچی میں ڈومیسٹک اور کلب کرکٹ کے فروغ، کرکٹ گراؤنڈز کی دستیابی، ٹورنامنٹس کے انعقاد اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اسامہ شرون نیازی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی سرپرستی میں ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان اقدامات کا بنیادی مقصد نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے قابل ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سفارشات کی روشنی میں مختلف ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے این او سی جاری کرتا ہے۔

کلبوں کے ساتھ رجسٹرڈ کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ صرف پی سی بی کے قواعد و ضوابط کے مطابق منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس میں حصہ لیں۔

این او سی کے بغیر منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

کراچی کی کرکٹ خدمات کو سراہتے ہوئے اسامہ شرون نیازی نے کہا کہ کراچی نے پاکستان کو ظہیر عباس، جاوید میانداد، معین خان، راشد لطیف، سرفراز احمد اور اسد شفیق جیسے عظیم اور نامور کرکٹرز دیے ہیں،

جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ کراچی میں کرکٹ کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، تاکہ مستقبل میں بھی یہاں سے بہترین کھلاڑی قومی سطح پر سامنے آتے رہیں۔

انہوں نے کے سی سی اے اسٹیڈیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ندیم عمر نے اس اسٹیڈیم کو بہترین انداز میں تیار کیا ہے، جو ملک کے کسی بھی معیاری کرکٹ گراؤنڈ کے ہم پلہ ہے۔

اس موقع پر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے سیکریٹری علی حسین نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شرون نیازی ہمارے درمیان موجود ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کرکٹ کے فروغ، ترقی اور بہتری کے لیے ہر سطح پر اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی خالد نفیس نے کہا کہ کراچی میں کرکٹ گراؤنڈز کی کمی کے باوجود ملک میں سب سے زیادہ کرکٹ اسی شہر میں کھیلی جا رہی ہے۔

انہوں نے آر سی اے کراچی کے صدر ندیم عمر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے کراچی میں کرکٹ کی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے کھیلنے کے زیادہ مواقع میسر آ رہے ہیں۔

ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے جوائنٹ سیکریٹری محمد توصیف صدیقی نے کہا کہ کلب کرکٹ کے فروغ اور بہتر انتظام کے لیے ٹورنامنٹس کے انعقاد کی ایک علیحدہ ونڈو مختص کی جانی چاہیے،

جس کے دوران خصوصی طور پر کلب کرکٹ کے مقابلے منعقد کیے جائیں۔ اس اقدام سے کلبوں کو اپنی سرگرمیاں منظم کرنے، مقابلوں کے بہتر انعقاد اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

قبل ازیں، اسامہ شرون نیازی کی کے سی سی اے اسٹیڈیم آمد پر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے سیکریٹری علی حسین، چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی خالد نفیس اور جوائنٹ سیکریٹری محمد توصیف صدیقی کی قیادت میں زونل عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر علی حسین، خالد نفیس اور محمد توصیف صدیقی نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ ملاقات میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زونل عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے کراچی میں ڈومیسٹک اور کلب کرکٹ کے فروغ، ٹورنامنٹس کے مؤثر انعقاد، گراؤنڈز کی دستیابی اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔

ملاقات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شرون نیازی نے کراچی میں کرکٹ کی سہولیات اور گراؤنڈز کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل بینک، یو بی ایل، ٹی ایم سی اور دیگر کرکٹ گراؤنڈز کا دورہ بھی کیا۔

ان دوروں کے دوران ان کے ہمراہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے کوآرڈینیٹر اعظم خان بھی موجود تھے۔ دورے کا مقصد کراچی میں کرکٹ کی سرگرمیوں، گراؤنڈز کی دستیابی اور ڈومیسٹک کرکٹ کے انعقاد کے لیے موجود سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔

آخر میں اسامہ شرون نیازی نے پرتپاک استقبال اور پُرخلوص میزبانی پر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کراچی میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے درمیان باہمی تعاون سے کرکٹ کی سرگرمیوں کو مزید وسعت ملے گی اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

Related Articles


Back to top button